وزیر اعلی ٰخالد خورشید  کی گلگت  بلتستان کے ڈویلپمنٹ پلان کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت

78

گلگت۔8مارچ  (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزارت امور کشمیر و گلگت  بلتستان کے ڈویلپمنٹ پلان کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اختیارات کی منتقلی اور گلگت  بلتستان کی تعمیر و ترقی کیلئے حکومت گلگت  بلتستان کیساتھ مکمل تعاون کرے گی۔ گلگت  بلتستان کیلئے پہلی مرتبہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت کی روشنی میں میگا ترقیاتی پیکیج تیار کیا جارہاہے جس کی حتمی منظوری وزیر اعظم پاکستان عمران خان دیں گے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے پیکیج کی منظوری کے بعد منصوبوں کیلئے درکار فنڈز کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ امید ہے مارچ کے آخر تک وزیر اعظم عمران خان خود گلگت تشریف لاکر اس میگا ترقیاتی پیکیج کا اعلان کریں گے۔ گلگت  بلتستان سیاحت کے حوالے سے منفرد مقام رکھتا ہے۔ گلگت  بلتستان کے لوگ مہمان نواز اور خوش اخلاق ہیں۔ وفاقی حکومت گلگت  بلتستان کی تعمیر و ترقی اور سیاحت کو فروغ دینے کیلئے حکومت گلگت  بلتستان کیساتھ مل کر ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ گلگت  بلتستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان کے ویژن کے مطابق ویلج ڈویلپمنٹ پلان کی فزیبلٹی تیار کرائی جائے گی۔گلگت  بلتستان میں انٹرنیٹ کی سہولت دیگر علاقوں سے زیادہ اہم ہے۔ گلگت  بلتستان کے طالب علموں اور عوام کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے انٹرنیٹ سپکٹرم کو بڑھایا جارہاہے اور جن علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولت دستیاب نہیں ایسے تمام علاقوں میں انٹرنیٹ کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی جس کیلئے پی ٹی اے کو ہدایات دی گئی ہے۔ گلگت  بلتستان میں ریجنل گریڈ کے قیام کے بعد مرحلہ وار نیشنل گریڈ سے منسلک کیا جائے گا جس سے گلگت  بلتستان میں موجود توانائی کے مواقعوں سے استعفادہ حاصل کیا جاسکے گا۔ گلگت  بلتستان میں فروٹ پروسسنگ کے واسیع مواقع موجود ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے اس شعبے پر توجہ دی جارہی ہے۔ گلگت  بلتستان میں سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے حکومت گلگت  بلتستان کے تعاون سے سرمایہ کاری روڈ شوز کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت  بلتستان کیلئے تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک میگا ترقیاتی پیکیج تحریک انصاف کی حکومت دے رہی ہے جس سے گلگت  بلتستان میں حقیقی معنوں میں ترقی آئے گی۔ عوام کو بہتر سہولیات میسر آئیں گے اور سیاحت کے شعبے میں نئے باب کا آغاز ہوگا۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ہدایات کی روشنی میں تمام وفاقی وزارتیں گلگت  بلتستان کیلئے ترقیاتی پیکیج کی تیاری میں ترجیحی بنیادوں پر کام کررہے ہیں۔ پی ایس ڈی پی کے منصوبے مقررہ مدت میں مکمل نہیں ہورہے ہیں۔ پی ایس ڈی پی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے ان منصوبوں کے پرنسپل اکاؤٹنگ آفیسر (PAO) کا اختیار چیف سیکریٹری گلگت  بلتستان کو دیا جائے۔ گلگت  بلتستان میں تعمیر و ترقی کو عملی جامہ پہنائیں گے۔ تمام اضلاع میں وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائیں گے۔ گلگت  بلتستان کیلئے میگا ترقیاتی پیکیج سے عوام کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ گلگت  بلتستان کیلئے میگا ترقیاتی پیکیج میں کلین انرجی، سیاحت، معدنیات،زرعی اجناس، صحت و تعلیم،روڈ انفراسٹرکچر اور کمیونی کیشن ترجیحات میں شامل ہیں۔ گلگت  بلتستان میں پاور پالیسی کی منظوری سے گلگت  بلتستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاروں کو راغب کرنے میں مدد ملے گی۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری گلگت  بلتستان نے گلگت  بلتستان کیلئے تیار کئے جانے والے میگا ترقیاتی پیکیج کی تیاری میں شامل منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور ترقیاتی پیکیج کی تیاری کیلئے قائم ایپکس کمیٹی کے سابقہ اجلاسوں میں کئے جانے والے فیصلوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔