برطانوی ہاوس آف لارڈرز کے رکن کی وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ سے ملاقات

26

اسلام آباد، 26 مارچ(اے پی پی): برطانوی ہاوس آف لارڈرزکےرکن کی وزارتِ خارجہ میں وزیرخارجہ سے

ملاقات ہوئی،  دوران ملاقات پاکستان اور برطانیہ کے مابین دو طرفہ تعلقات ،مسئلہ کشمیر سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

وزیر خارجہ نے برطانوی ہاؤس آف لارڈ کا رکن منتخب ہونے پر لارڈ واجد خان کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان، برطانیہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے،  پاکستانیوں کی ایک کثیر تعداد برطانیہ میں مقیم ہے جو مختلف شعبہ جات میں اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود ہماری حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیر خارجہ نے پاکستان اور یورپی ممالک کے مابین دو طرفہ سیاسی، تجارتی و کثیر الجہتی دو طرفہ تعلقات کے فروغ کی ضرورت پر  اور برطانیہ سمیت عالمی برادری سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خاتمے کیلئے موثر کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ  خطے میں دیرپا امن و استحکام کیلئے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل ہونا ناگزیر ہے۔

لارڈ واجد خان نے کرونا عالمی وبائی صورتحال کے باعث برطانیہ اور یورپی ممالک میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل سے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا اور مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے حوالے سے وزیر خارجہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے، اس ضمن میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔