بہاولنگر،23 مارچ(اے پی پی ):ملک بھر کی طرح بہاولنگر میں بھی یوم پاکستان ملی جوش و جزبے سے منایا گیا ، مرکزی تقریب ڈی سی آفس سبزہ زار میں منعقد ہوئی ، ڈپٹی کمشنر شعیب خان جدون اور ڈی پی او ظفر بزدار نے پرچم کشائی کی جبکہ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔
تقریب میں ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او سمیت انتظامی افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی ۔ کورونا ایس او پیز کے تحت سماجی فاصلے مدنظر رکھتے ہوئے تقریب کو محدود رکھا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شعیب خان جدون اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ظفر بزدار نے اپنے پیغامات میں کہا کہ آج کے دن کی اہمیت کے بارے نئی نسل کو روشناس کروانے کی ضرورت ہے ۔موجودہ حکومت نے وبائی حالات میں بھرپور اقدامات کئے ہیں ہر پاکستانی کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم متحد ہو تو کوئی دشمن ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتا۔
تقریب کےاختتام میں ملکی سلامتی،ترقی ،خوشحالی اور کورونا سے نجات کےلئے خصوصی دعا کرائی گئی۔