جاپان فیصل آباد شہر میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور پانی کی تقسیم کے نظام کی بہتری کیلئے 6.1ارب روپے فراہم کریگا

105

اسلام آباد،19مارچ  (اے پی پی):جاپان فیصل آباد شہر میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور پانی کی تقسیم کے نظام کی بہتری کیلئے 4.1ارب جاپانی ین(6.1ارب روپے)فراہم کریگا۔اس سلسلے میں  جمعہ کو پاکستان میں تعینات جاپانی سفیر متسودا کونینوری اور سیکرٹری اقتصادی امور نور احمد اور منصوبے پر عملدرآمد کی تفصیلات سے متعلق گرانٹ معاہدے پر پاکستان میں جائیکا کے چیف نمائندہ فوروتا شیگیکی اور جوائنٹ سیکرٹری وزارت اقتصادی امور سیدہ عدیلہ بخاری نے معاہدے پر دستخط کئے۔

جاپانی سفارتخانے کے مطابق معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپانی سفیر متسودا کونینوری نے کہا کہ پاکستانی عوام کو محفوظ اور صاف پانی کی فراہمی عمران خان انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جبکہ یہ سکیٹر جاپان کیلئے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔سفیر نے کہا کہ ہم پانی اور سینیٹیشن سیکٹر میں پاکستان کیساتھ تعاون جاری رکھیں گے،اس لئے جب بھی پاکستانی عوام پانی اور سینیٹیشن ترقیاتی تعاون پر بات کریں گے تو وہ جاپان کے بارے سوچیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کیلئے ،جاپان کو “ابھرتی ہوئی سورج کی سرزمین”کے طور پر یاد کرتے ہیں لیکن آج سے یہ “سورس آف کلین واٹر”میں تبدیل ہو جائیگی۔

فوروتا شیگیکی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ یہ گرانٹ نہ صرف بطور منصوبہ کامیابی سے ہمکنار ہوگا بلکہ مستقبل میں پنجاب اور پورے پاکستان میں واٹر سپلائی مینجمنٹ اصلاحات کیلئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔جاپانی سفیر متسودا کونینوری اور فوروتا شگیکی نے واٹر سپلائی سروسز کی اہمیت پر زور دیا جبکہ سیکرٹری اقتصادی امور نو ر احمد نے پاکستان میں پانی اور سینیٹیشن سیکٹر میں اعلی معیاری اور مسلسل تعاون پر جاپان کا شکریہ ادا کیا۔