جلد کورونا وبا پر قابو پا لیں گے،موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے انسانی سرگرمیوں سے وابستہ  کاربن اخراج کو روکنے کی ضرورت ہے،بیگم ثمینہ عارف علوی

35

اسلام آباد،27مارچ (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی اہلیہ بیگم ثمینہ عارف علوی نے امید ظاہر کی ہے کہ جلد کورونا وبا پر قابو پا لیں گے،موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے انسانی سرگرمیوں سے وابستہ کاربن اخراج کو روکنے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو نوروز کے حوالے سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا کہ نوروز کی تقریبات میں شرکت کرکے بے حد خوشی ملتی ہے، تقریب میں تمام شریک ممالک کو نو روز کی مبارکباد پیش کرتی ہوں، یہ نئے سال کا آغاز ہے اور امن اور انسانیت کے لئے اپنے وعدوں کی تجدید کے لئے ایک نئی امید ہے۔انہوں نے کہاکہ نوروز ایک ایسا تہوار ہے جوکہ موسم بہار کا پہلادن ہےاور اس دن قدرت کی تجدید ہوتی ہے۔ اس میں مذہبی وثقافتی رسومات  اور  تقریبات کے ساتھ ساتھ پیاروں کے ساتھ خصوصی کھانے کا لطف بھی شامل ہے۔یہ تہوار بلقان ، بحیرہ اسود  قفقاز ، وسطی ایشیاء ، مشرق وسطی اور دیگر خطوں میں 3000 سالوں سے منایا جا رہا ہے، اس سے نسلوں اور خاندانوں کے مابین صلح اور یکجہتی کے ساتھ ساتھ مفاہمت اور ہم آہنگی کو فروغ ملتا ہے۔  یہ ثقافتی تنوع ، لوگوں اور مختلف برادریوں کے مابین دوستی میں معاون ہے ، نوروز یونیسکو کے دائرہ کار میں آ تا ہے۔ یہ دن دنیا کے ناقابل تسخیر ورثہ کا جشن ہے۔انہوں نے کہا کہ تقریب میں شریک ممالک نے امن کا پیغام دیا ہے اور ان ممالک کا روشن مستقبل منتظر ہے۔ اس وقت ، ہمیں گلوبل وارمنگ کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے کوششیں تیز کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ موسمیاتی تبدیلی کاعمل پہلے ہی جا ری ہے۔ درجہ حرارت بڑھ رہا ہے؛ خشک سالی اور جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات زیادہ کثرت سے ہونے لگے ہیں۔ بارش کے نمونے بدل رہے ہیں۔ گلیشیر اور برف پگھل رہی ہے ، اور عالمی سطح پر سطح سمندر بلند  ہورہی ہے۔ آب و ہوا کی تبدیلی کو کم کرنے کے لئے ہمیں انسانی سرگرمیوں سے وابستہ کاربن  کےاخراج کو کم کرنے یا روکنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی زمین کے دونوں نصف کرہ کو متاثر کرے گی۔ پوری دنیا کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے کرہ ارض کو ٹھنڈا رکھیں اور فوسلز کےایندھن کے استعمال کو کم سے کم رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حکومت نے اربوں درخت لگانے کا اقدام کیا ہے جو ایک اچھا اقدام ہے اور ہمیں اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ اسی طرح ، ہمیں بجلی کی پیداوار کے لئے شمسی اور ہوا کے  متبادل توانائی کے ذرائع کو بھی استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال کے دوران کوویڈ 19 پھیلنے کی وجہ سے ہمارے تہواروں اور جشن منانے پر پابندی عائد ہے۔ مجھے امید ہے کہ قطرے ویکسینیشن کا عمل جلد مکمل ہوجائے گا اور ہم اس بیماری پر قابو پالیں گے۔ ہمیں بحرانی صورتحال کے وقت چوکس رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ لاپرواہی ہی مسائل کا باعث بن سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ایس او پیز پر عمل کرنا چاہئے ، اپنے ہاتھ دھونے چاہیں ، ماسک استعمال کریں اور جسمانی فاصلہ رکھیں انہوں نے کہا کہ  خوشحال نوروز ہو اور اس کا انسانیت کے ساتھ ہم آہنگی ، امن اور احترام کا جذبہ ہمارے لئے تحریک کا باعث بنے۔

تقریب میں مختلف ممالک کے سفیروں نے شرکت کی۔تقریب میں جشن نوروز کا کیک بھی کیک بھی کاٹا گیا۔اس موقع پر پاکستان سمیت مختلف ممالک کی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے سٹالز بھی لگائے گئے تھے۔بیگم ثمینہ عارف علوی نے ان سٹالز کا بھی معائنہ کیا۔