حقیقی سیاست دان عوام کی ڈھال ہوتا ہے، عوام کوڈھال نہیں بناتا، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید

24

 

اسلام آباد،24مارچ(اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ  مریم نواز کی نیب پیشی پر (ن)لیگ حکومت کو نہیں بلکہ پیپلز پارٹی کو طاقت دکھانا چاہتی ہے، لاہور والوں کو بتارہا ہوں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، اسلام آباد، لاہور، پشاور اور کراچی میں ریڈ الرٹ ہے،حقیقی سیاستدان وہ ہوتا ہے جوملک میں جیتا ہے اور ملک میں مرتا ہے، اسلام آباد اور راولپنڈی کے صحافیوں کے لئے میڈیا سٹی بنا رہے ہیں۔ بدھ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ مریم نواز کی نیب پیشی کے موقع پر پنجاب حکومت کی درخواست پر رینجرز تعیناتی کی منظوری دے دی ہے، یہ صوبائی مسئلہ ہے، اسلام آباد آتے تو ہمارا مسئلہ ہوتا، (ن) لیگ اپنے ہی گھر اور اکھاڑے میں پاور شو اور دنگل کرنے جارہی ہے، گزشتہ پیشی پر میڈیا نے ان کی گاڑیوں میں پتھروں کے ڈھیر دکھائے،  یہ عمران خان کو نہیں بلکہ پیپلز پارٹی کے لئے شو آف پاور  کرنا چاہتے ہیں، اپوزیشن عمران خان کے لئے بہتری کے راستے بناتی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ مریم نواز نے خود تو حفاظتی ضمانت کروالی اور کارکنوں کو کہہ رہی ہیں کہ آگے آئیں حالانکہ حقیقی  سیاست دان تو عوام کی ڈھال ہوتا ہے، عوام کو ڈھال نہیں بناتا، کسی نے شرارت نہیں کی تو قانون حرکت میں نہیں آئے گا۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایک دوسرےپر سب کیس ان لوگوں نے خود بنائےہیں،عمران خان نے تو صرف ایک آدھ کیس بنایا ہے، حکومتیں آتی ہیں اور جاتی ہیں جب تک بندہ مرتا نہیں کیس ختم نہیں ہوتا۔شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی حالت پر ترس آتاہے، ان کی سیاست خلا میں لٹک رہی ہے، پی ڈی ایم ٹائیں ٹائیں فش ہوچکی ہے، 11 پارٹیوں کے کوئی نام بتادے، 500 روپے انعام دوں گا، یہ ڈھائی پارٹیاں ہیں، ایک ایک ن لیگ اور پی پی  کی جبکہ جے یو آئی کی آدھی پارٹی ہے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ لاہور والوں کو بتارہا ہوں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، لاہور میں 12 سے 14 فیصد مکینوں کو کورونا ہو چکاہے، اسلام آباد، لاہور، پشاور اور کراچی میں ریڈ الرٹ ہے ، میں کسی کو ڈرا نہیں رہا ہوں۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ کورونا سے بچنے کےلیے ہم سب کو ماسک پہننے چاہئیں، میں نے ویکسین اس لیے لگوائی کیونکہ چینی ویکسین کے خلاف بین الاقوامی سازش ہورہی تھی،ہسپتال میں جاکر اس لیے لگوائی کیونکہ لوگ ہسپتالوں پر باتیں کررہے ہیں، اللہ تعالی نے ہمیں کورونا کی پہلی دو لہروں سے بھی بچایا، انشاء اللہ تیسری سے بھی بچائے گا، اللہ تعالیٰ وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ کو بھی صحت دے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی سیاست خلاء میں لٹک رہی ہے،مجھے مولانا کی حالت پر ترس آتا ہے،  سیاستدان عوام کے لئے قربانی دیتا ہے،بڑا سیاستدان وہ ہوتا ہے جو ملک میں جیتا ہے اور ملک میں مرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحافیوں  جن کے پاس اسلام آباد اور راولپنڈی میں رہائش کا   بندوبست نہیں   ان کے لیے میڈیا سٹی بنا رہے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ قطر کے دورہ پر گیا تھا جہاں سے مزدوروں کی ڈیمانڈ آجائے گی، کویت کے دورہ پر بھی جلد جاوں گا۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ڈی ایم کی یہ ساری سرگرمیاں   ٹی وی اسکرین پر قبضہ دکھانے کی کوشش ہے، 26 کی شام کو یہ ایکسپوز ہوجائیں گے کہ کتنے لوگ تھے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیرِاعظم عمران خان نے دس سینئر لوگوں کی کمیٹی بنائی ہے۔تمام پارٹیوں سے بات چیت ہونی چاہئے، بات چیت کے دروازے بند نہیں کرنا چاہئے ۔  انہوں نے کہا کہ موجودہ اپوزیشن سیاسی ہیوی ویٹ عمران خان کے لئے سہولت کار ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم عمران خان ملک میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے بھر پور اقدامات کر رہے ہیں۔مہنگائی سال ڈیڑھ میں ختم ہوجائے گی۔