لاہور ،9 مارچ(اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کئے گئے فیصلوں کے مثبت نتائج مضبوط ہوتی معیشت کی صورت میں سامنے آرہے ہیں۔ پنجاب کا ہر پسماندہ شہر ترقی کرے گا،ہر شہر کو علیحدہ ترقیاتی پیکج دیں گے،تحریک انصاف کی حکومت نے دور دراز علاقوں کی پسماندگی دور کرنے کیلئے پائیدار اقدامات کئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار وزیر اعلی پنجاب نے منگل کو یہاں رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ سے ملاقات کے دوران کیا ،ملاقات میں ضلع جھنگ میں جاری ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت، حلقے کے مسائل کے حل اور سیاسی امور پر گفتگو کی گئی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم ملک کی ترقی چاہتی ہے، نہ ہی عوام کی خوشحالی، 11 جماعتوں پر مشتمل غیر فطری اتحاد کو ترقی کی راہ میں حائل نہیں ہونے دیں گے،عملی طور پر اپوزیشن کی پوزیشن صفر ہے اور صفر ہی رہی گی جبکہ اپوزیشن نے اہم قومی امور پربھی سیاست چمکانے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ اپوزیشن کا کردار ہمیشہ منفی رہا،اپوزیشن پہلے دن سے ہی واویلا کر رہی ہے، عوام کے سامنے بلند و بانگ دعویٰ کرنے والوں کی قلعی کھل چکی ہے، حزب اختلاف کی جماعتوں کے پاس نہ کوئی حکمت عملی ہے اور نہ ہی انہوں نے عوام کے لئے کچھ کیا ہے، عوام دوچہروں والے ان سیاست دانوں کی منفی سیاست سے متنفر ہو چکے ہیں۔
اس موقع پر رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ نے کہا وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہمیشہ عزت اور احترام دیا ہے، وزیراعلیٰ منتخب نمائندوں کی بات بھی سنتے ہیں اور عوامی مسائل بھی حل کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثما ن بزدار کے ہوتے ہوئے پنجاب میں اپوزیشن کی ہر سازش ناکام رہے گی۔