واشنگٹن ؛خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پاکستانی سفارتخانہ  میں “پاکستانی – امریکن خواتین رہنما” کے موضوع پر ویبینار کا انعقاد

142

واشنگٹن، 08 مارچ (اے پی پی): خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پاکستانی  سفارتخانہ واشنگٹن میں “پاکستانی -امریکن خواتین رہنما”کے  موضوع پر ویبینار کا انعقاد  کیا   گیا ، ویبینار سے وزیر اعظم کی مشیربرائے غربت خاتمہ  ڈاکٹر ثانیہ نشتر سمیت امریکہ میں متعین پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان  نے خطاب  کیا۔

مشیر ویر اعظم ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے خواتین کے حقوق ، انکے تحفظ اور بہتری کیلئے حکومتی کوششوں اور اقدامات بارے  شرکا کو  آگاہ کیا ۔انہوں نے  کہا کہ   امریکہ میں پاکستانی سفارتخانہ کی جانب سےآج کے دن ویبینار کا انعقاد قابل ستائش ہے، پاکستانی خواتین ملکی تعمیر و ترقی میں برابر کی حصہ دار ہیں۔

مشیر وزیراعظم  نے کہا کہ  پاکستانی خواتین معاشی ترقی بالالخصوص زراعت کے شعبے میں اپنا احسن کردار ادا کرہی ہیں، خواتین کو با اختیار بنانے اور انکے حقوق کے تحفظ کیلئے نئی قانون سازی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔انہوں  نے کہا کہ احساس پروگرام میں خواتین کیلئے 50 فیصد مختص کیا گیا ہے، خواتین کو با اختیار بنانے، مناسب نمائندگی دینے اور عزت دینے کیلئے موجودہ حکومت تمام تر کوششیں اور اقدامات کر رہی ہے۔

سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان   نے کہا کہ  پاکستانی خواتین کو بااختیار بنانے اور انکے حقوق کے تحفظ کیلئے امریکی حکومت کے تعاون پر انکے شکر گزار ہیں، خواتین کو بااختیار بنانے اور انکے حقوق کیلئے پاکستانی ۔ امریکن خواتین پل کا کردار ادا کررہی ہیں۔انہوں  نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہمہیں مل کر کام کرنا ہوگا، اس ضمن میں ہم اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔

دیگر مقررین  میں   ارون مسنگا، ڈاکٹر اظہرا رضا، عائیشہ محمود، کلثوم لاکھانی، ڈاکٹرحنا چوہدری، شمی قدوائی،بشرہ امیوالا، ارم پروین بلال، مہر شیخ سٹیوی، ندا جمال ،قونصل جنرل عائیشہ علی اور ترجمان سفارتخانہ پاکستان ملیحہ شاہد بھی شامل تھی۔