حکومت پنجاب نے کورونا مثبت کیسز کے 12 فیصد سے زائد شرح والے اضلاع میں موثر لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے؛ وزیراعلیٰ عثمان بزدار

12

لاہور، مارچ 29(اے پی پی): وزیر اعلیٰ  عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے کورونا مثبت کیسز کے 12 فیصد سے زائد شرح والے اضلاع میں موثر لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے، یکم اپریل سے شادی کے اجتماعات پر مکمل پابندی عائد ہوگی جبکہ دکانیں شام 6 بجے بند کرنا ہوں گی۔

وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت انسداد کورونا کابینہ کمیٹی اجلاس ہوا جس کے بعد انہوں نے معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس کی اور بتایا کہ ہم کورونا وائرس کی تیسری خطرناک لہر کا مقابلہ کر رہے ہیں۔

عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں معاشی انڈسٹریز پر کوئی پابندی نہیں لگائی جارہی، صنعتوں میں ایس او پیز کے ساتھ کام جاری رکھیں گے،ہفتے میں دو دن کاروبار مکمل بند رہے گا، ہوٹلوں ، ریسٹورنٹ کو صرف ہوم ڈیلیوری اور ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں میٹرو، اورنج ٹرین اور اسپیڈو بسیں بند رہیں گی، کھیلوں، سماجی و ثقافتی سرگرمیوں پر بھی پابندی ہوگی ۔صوبے میں صنعتیں ، تعمیرات کا شعبہ اور ٹرانسپورٹ ایس او پیز کے تحت کام جاری رکھیں گے ، نئی پابندیوں کا اطلاق 11اپریل تک ہوگا۔

وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ اس وقت پنجاب میں کورونا کے دو لاکھ سے زائد مثبت کیسز ہیں، اب تک پنجاب میں کورونا سے 6 ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے 39 اموات ہوئیں۔انوہں نے کہا کہ لاہور میں کوئی مکمل لاک ڈاؤن نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یکم اپریل سے انڈور اور کھلی جگہوں پر شادیوں پر مکمل پابندی عائد ہوگی اور اس کے علاوہ ریسٹورنٹس میں انڈور اور آؤٹ ڈور ڈائننگ پر بھی پابندی عائد ہوگی۔