کراچی،12مارچ (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافہ، انسانی وسائل کی ترقی اور خواتین کو بااختیار بنا کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیاجا سکتا ہے، حکومت کاروبار کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، ماضی میں کرپشن ہوئی اور میرٹ کو نظر انداز کیا گیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایمپلائز فیڈریشن آف پاکستان کے زیر اہتمام ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں ماضی کے تجربات سے سیکھ کر آگے بڑھنا ہے، اجتماعی دانش سے ملکی مسائل حل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو نجکاری اور انفراسٹرکچر سے متعلق سمت کا تعین کرکے اس پر عمل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں کرپشن ہوئی اور میرٹ کو نظر انداز کیا گیا جس کے باعث مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت کے طریقہ کار پر عمل پیرا ہے تاکہ مسائل کا حل تلاش کیا جا سکے۔
صدر مملکت نے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے برآمدات اور شرح نمو میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے، کاروبار کیلئے سازگار ماحول سے بیرون ملک سے سرمایہ کاری آتی ہے، موجودہ حکومت نے سرمایہ کاری بڑھانے اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو سماجی شعبہ میں مواقع فراہم کرنا ضروری ہے، اداروں کے استحکام سے ملک ترقی کرتا ہے، بنگلہ دیش جیسے ملک میں بچوں بالخصوص لڑکیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی گئی، خواتین کا بنگلہ دیش کی معیشت میں اہم کردار ہے، پاکستان کے زرعی شعبہ میں بھی خواتین کا اہم کردار ہے، خواتین کو بااختیار بنانا اور ملازمتیں فراہم کرنا ضروری ہے کیونکہ معاشی ترقی میں ان کا اہم کردار ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ افراد باہم معذوری کو ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنا اور قومی دھارے میں لانا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کو ساتھ لے کر چلنے سے کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے، تاجر دیانتداری سے کاروبار کریں، اپنی مصنوعات کا معیار برقرار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں کو اپنی معاشرتی ذمہ داریوں کا بھی احساس کرنا چاہئے اور رضاکارانہ طور پر نیک کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔











