ملتان، 28 مارچ (اے پی پی ): حکومت کے مقررہ نرخوں پر شہریوں کو آٹا فراہم کے لئے انتظامیہ متحرک ہے، ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی ہدایت پر گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود نے سیلز پوائنٹس اور فلور ملز کا دورہ کیا۔انہوں نے یونائٹڈ فلور مل اور بابا عبدالعزیز فلور مل کے وزٹ کے موقع پر سرکاری گندم کے کوٹے کی سپلائی کا ریکارڈ چیک کیا اور فلور مل سے ڈیلرز اور شاپس مالکان کو آٹے کی سپلائی کے ریکارڈ کی پڑتال بھی کی۔خواجہ عمیرمحمود نے فلور مل مالکان کو آٹے کی سپلائی کے ریکارڈ کو اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کی۔
اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے آٹے کے سیلز پوائنٹس کے دورے کے موقع پر شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت آٹے پر اربوں روپے کی سبسڈی دے رہی ہے۔سیلز پوائنٹس پر آٹے کے دس کلو کا بیگ 430 روپے میں فراہم کیا جارہا ہے۔ضلعی انتظامیہ شہریوں کو سبسیڈائزڈ ریٹ پر آٹے کی سپلائی کے لئے کوشاں ہے جس کے لئے شہر میں سیلز پوائنٹس پر روزانہ آٹے کے ہزاروں بیگ فراہم کئے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ آٹے کی سپلائی کو مانیٹر کیا جارہا ہے۔