اسلام آباد ، 04 مارچ (اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ یورپی ممالک ہمارے سب سے بڑے تجارتی اتحادی ہیں ،پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں ۔ اقتصادی تعاون کا فروغ، دو طرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، ہمارے لیے تمام ممالک اہمیت کے حامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ دو طرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے ادارہ جاتی تعاون کا فروغ انتہائی اہم ہے،حکومت یورپی ممالک کے کاروباری افراد کو ای ویزہ سہولت مہیا کرنے سمیت ان کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں ۔
جمعرات کو یہاں وزارتِ خارجہ میں پاکستان میں تعینات یورپی ممالک کے سفراء کے ساتھ ملاقات کے دوران وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کرونا وبا کی وجہ سے معاشی مشکلات کے باوجود یورپی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حجم میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔
وفاقی وزیر نے پاکستان میں تعینات یورپی ممالک کے سفراء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ یہ معاشی سفارت کاری کے حوالے سے ہماری دوسری ملاقات ہے ۔میں اس سے قبل یورپی ممالک میں تعینات پاکستانی سفراء کے ساتھ اس حوالے سے دو ورچوئل میٹنگز کر چکا ہوں، میں نے اپنی ورچوئل میٹنگز میں یورپی ممالک میں تعینات پاکستانی سفراء کو ہدایت کی کہ وہ یورپی ممالک میں دو طرفہ تجارت کے میسر مواقعوں کے حوالے سے آگاہ کریں تاکہ یورپی ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جا سکے ۔انہوں نے بتایا کہ ہماری دو طرفہ تجارت کو فروغ ملا ہے ۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد یورپی ممالک میں مقیم ہے جو ہمارے دو طرفہ اقتصادی روابط کے فروغ میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں ۔ہم ای اے ڈی کے ذریعے 2021 کا پلان ترتیب دے رہے ہیں تاکہ یورپی ممالک کے ساتھ مشترکہ اقتصادی کمیشنز کو مزید فعال اور بامقصد بنایا جا سکے ۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ پاکستان – ای یو مشترکہ اقتصادی کمیشن، ہمارے دو طرفہ مضبوط اقتصادی روابط کا مظہر ہے۔ہماری ان کاوشوں کے باعث “کاروبار میں سہولت فراہم کرنے کی عالمی رینکنگ میں پاکستان کی درجہ بندی 39 درجے تک بڑھی ہے ۔اس لے علاوہ ہم نے ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے” روشن دیجیٹل اکاونٹ”کا اجراء کیا ہے،اس اقدام کے نتیجے میں، پاکستانی تارکینِ وطن نے پہلے چند ماہ میں 50 ملین ڈالر زرمبادلہ بھجوایا ۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں دو طرفہ تجارت کے راستے میں حائل مسائل کے جلد حل کے لیے ایک مشترکہ متفقہ لائحہ عمل طے کرنے کی ضرورت ہے جبکہ یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس سٹیٹس ملنے کے بعد یورپی ممالک کے ساتھ ہماری تجارت کے حجم میں دو گنا اضافہ ہوا ہے ۔
پاکستان میں تعینات یورپی ممالک کے سفراء نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاک – ای یو، دو طرفہ معاشی تعاون کے فروغ کے لئے اپنی معاونت کا یقین دلایا۔











