ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری  نے قومی اسمبلی کا اجلاس  غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا

91

اسلام آباد،4مارچ  (اے پی پی):قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا گیا۔ جمعرات کو ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کے صدارتی احکامات پڑھ کر سنائے، قومی اسمبلی کا جمعرات کا اجلاس مختصر ترین رہا جو صرف 8 منٹ جاری رہا، قومی اسمبلی میں جمعرات کو25 نکاتی ایجنڈا رکھا گیا تھا تاہم ان میں سے تلاوت، نعت اور قومی ترانہ کے علاوہ کوئی کارروائی نہ ہو سکی۔ قومی اسمبلی کے ایجنڈے پر 3 آرڈیننس ، دو توجہ دلائو نوٹس ، آئین میں 26ویں ترمیم کا بل، نیشنل کالج آف آرٹس انسٹی ٹیوٹ بل 2020ء ،اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری سینئر سٹیزن بل 2020ء اور پریونشن و پروٹیکشن بل 2020ء کی منظوری اور کئی قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس کا پیش کیا جانا شامل تھا۔

 اجلاس کا آغاز 19 فروری کو ہوا تھا جس میں مہنگائی پر بحث بھی کی گئی۔ اس دوران سینٹ کا الیکشن بھی ہوا جس کے بعد 4 مارچ کو اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا گیا۔