سکھر۔ 08 مارچ ( اے پی پی ): سکھر احتساب عدالت میں سید خورشید شاہ آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت ہوئی، گواہاں کے بیانات قلمبند کئے گئے، سماعت 15مارچ تک ملتوی کردی گئی۔سکھر کی احتساب عدالت کے جج فرید انور قاضی نے پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی راہنما سید خورشید احمد شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کی۔
پیپلزپارٹی راہنما سید خورشید شاہ کو ایمبولینس کے ذریعے این آئی سی وی ڈی ہسپتال سے عدالت لایا گیا جبکہ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ ،ایم پی اے سید فرخ شاہ اور دیگر ملزمان بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے موقع پر نیب کی جانب سے پیش کئے گئے گواہاں کے بیانات قلمبندکئے گئے جس کے بعد عدالت نے سماعت 15 مارچ تک ملتوی کردی۔
واضع رہے کہ سید خورشید شاہ ، ان کی دو بیگمات ،دو بیٹوں ایم پی اے فرخ شاہ ،زیرک شاہ اور داماد صوبائی وزیر اویس قادر شاہ اور ان کے بھائی جنید قادر شاہ سمیت 18 افراد کے خلاف ایک ارب 23 کروڑ روپے کے آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کا الزام ہے ، نیب نے اس حوالہ سے ریفرنس دائر کیا ہوا ہے ۔