پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ 2021 پوری آب و تاب کے ساتھ جاری ہے

74

ملتان، 08 مارچ ( اےپی پی): پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ 2021 پوری آب و تاب کے ساتھ جاری ہے۔ ملتان میں ڈویژنل سطح کے مقابلے سج گئے۔ مصوری اور شاعری و افسانہ نویسی کے مقابلوں میں چاروں اضلاع کے پوزیشن ہولڈرز نے اپنی قابلیت کا سکہ منوایا۔ مقابلہ مصوری میں ایک بار شرکاء نے منصفین کا امتحان لے لیا۔ مقابلے میں شریک خواتین و حضرات نے ایسے ایسے فن پارے تخلیق کیے کہ دیکھنے والے دنگ رہ گئے۔ سنسنی خیز مقابلے میں زاہد علی وارثی نے میدان مار لیا۔ مقابلے میں حرا امتیاز نے دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ محمد زوہیب تیسرے نمبر پر رہے۔ افسانہ نویسی کے مقابلے میں طیبہ سید پہلا انعام لے اڑیں۔ سعید فاطمہ نے دوسری اور ماہین مظہر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ شاعری کا میدان دلاور عباس کے نام رہا جبکہ سلیم اختر اور محمد راشد بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔ مقابلے کے اختتام پر پوزیشن ہولڈرز میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوۓ ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل چوہدری طاہر محمود نے کہا کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام سے ٹیلنٹڈ نوجوانوں کو آگے آنے کا موقع ملے گا اور یہی اس پروگرام کا بنیادی مقصد ہے۔ ڈویژن کی سطح پر موسیقی کا مقابلہ آج کرایا جائے گا۔ ڈویژنل سطح پر ڈاکومنٹری/ شارٹ فلم کا مقابلہ 10 مارچ جبکہ دستکاری کا مقابلہ 11 مارچ کو ملتان آرٹس کونسل میں کرایا جائے گا۔ ڈویژنل سطح کے پوزیشن ہولڈرز صوبائی سطح کے مقابلوں میں شرکت کریں گے۔