سکھر:سیکریٹری بلدیات سندھ نجم احمد شاہ کی زیرصدارت سکھر و لاڑکانہ کے انتظامی و بلدیاتی افسران کا اجلاس، مختلف معاملات پر غور

51

سکھر,31مارچ(اے پی پی ) سیکریٹری بلدیات سندھ نجم احمد شاہ کی زیرصدارت کمشنر آفس سکھر کے کانفرنس روم میں سکھر و لاڑکانہ کے ڈپٹی کمشنرز،بلدیاتی اداروں کے افسران کے ساتھ اہم اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس کے دوران کتے مارنے کی مہم کو تیز کرنے، سالڈ ویسٹ مینیجمنٹ اور مختلف ترقیاتی کاموں کے حوالے سے غور کیا گیا۔ اجلاس میں ڈئریکٹر جنرل پروانشل لوکل گورنمنٹ کمیشن زبیر پرویز ، ایڈیشنل کمشنر ون سکھر اخترحسین قریشی، سکھر و لاڑکانہ کے ڈپٹی کمشنرز، محکمہ بلدیات کے افسران، میونسپل کمشنرز، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

 اجلاس سے خطاب میں سیکریٹری بلدیات سندھ نجم احمد شاہ نے صوبہ سندھ میں کتا مار مہم اور کتے کے کاٹنے کے کیسز کی رپورٹنگ کرنے میں غلط اعداد و شمار فراہم کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کتا مارنے کے معاملے پر اب مشوروں اور ہدایات کا وقت نہیں بلکہ ایکشن کا وقت آگیا ہے اس سلسلے میں کئی یوسی سیکریٹریز اور افسران کوہٹایا ہے کسی بھی علاقے میں ڈاگ بائیٹ واقعہ رونما ہوگا وہاں کے بلدیاتی ادارے کے ہیڈ کے خلاف کارروائی کے ساتھ انکوائری بھی کروائی جائیگی، انہوں نے لوکل گورنمنٹ افسران، میونسپل کارپوریشن اور ٹاون کمیٹیز کو ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ موثر کتا مار مہم چلانے کیلئے مکینزم ترتیب دیا جاے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنرز اور ریجنل ڈئریکٹر لوکل گورنمنٹ کا اہم کردار ہے۔