سکھر: موٹروے پولیس کی جانب سے گورنمنٹ ناز پائلٹ اسکول میں روڈ سیفٹی ڈے منایا گیا

76

سکھر،10مارچ(اے پی پی)روڈ حادثات سے بچاو اور ٹریفک قوانین کی آگاہی کے لئے موٹر وے پولیس سکھر سیکٹر کی جانب سے گورنمنٹ ناز پائلٹ اسکول خیرپور میں روڈ سیفٹی ڈے منایا گیا، جس کا مقصد طلبہ اور اساتذہ میں دوران ڈرائیونگ بروقت احتیاطی تدابیر کے ذریعے ممکنہ روڈ حادثات سے بچاو ¿ اور ٹریفک قوانین کی آگاہی تھا۔ آئی جی موٹر وے ڈاکٹر سید کلیم امام، ایڈیشنل آئی جی ساو ¿تھ ریجن سجاد افضل آفریدی اورڈی آئی جی موٹر وے سندھ علی شیر جکھرانی کی خصوصی ہدایت پر ایس پی موٹر وے سکھر سیکٹر جاوید اقبال چدھڑ کی زیر نگرانی گورنمنٹ ناز پائلٹ ہائی اسکول خیرپور میں روڈ سیفٹی ڈے منایا گیا۔

 اس موقع پر موبائل ایجوکیشن سکھر سیکٹر کے افسران انسپکٹر صلاح الدین اور سب انسپکٹر سرفراز خان نے شرکاءکو بتایا کہ روڈ حادثات میں کمی لانے کے لئے موٹر وے پولیس کی جانب سے پورے پاکستان میں روڈ سیفٹی کے حوالے سے مختلف پروگرامز کا انعقاد کیا جارہا ہے، جس میں تعلیمی ادارے، مدارس اور پبلک مقامات پر ڈرائیونگ سے متعلق مفید معلومات عام لوگوں کو فراہم کی جارہی ہیں، خاص طور پر موٹر سائیکل سوار موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ کا استعمال نہیں کرتے جس کی وجہ سے روڈ حادثہ ہونے کی صورت میں شدید قسم کی چوٹ اور اموات کا خدشہ ہوتا ہے، لہٰذا ہیلمٹ کے استعمال کے بعد روڈ حادثے کے بعد شدید قسم کی چوٹ سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔

 اس موقع پر ہائی اسکول کے پرنسپل نے روڈ سیفٹی ڈے کے حوالے سے مذکورہ اسکول میں بھرپور دن منانے پر موٹر وے پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ موٹر وے پولیس نے احتیاطی تدابیر سے متعلق مفید معلومات فراہم کرکے طلبہ اور اساتذہ میں روڈ سیفٹی کے حوالے سے شعور اجاگر کیا ہے۔

اے پی پی / سکھر / ریحانہ