لاہور، 24 مارچ(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کہ شیخوپورہ میں وارث شاہ یونیورسٹی بنانے کیلئے پرعزم ہیں اور اُس کے قیام کیلئے تمام تر ضروری کارروائی تیزی سے مکمل کی جا رہی ہے۔
شیخوپورہ دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ شیخوپورہ کو ایل ڈی اے کی حدود سے نکالنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیاہے، شیخوپورہ کے لوگوں کے تمام تر مسائل حل کرنے کا عزم لے کر یہاں آیا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر ضلع میں یونیورسٹی بنانا ہمارا عزم ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ پنجاب کے ہر ضلع کو اس کا حق ملے، کسی کو سیاسی مخاصمت کا نشانہ نہیں بناتے۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ہر کام میرٹ پر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ہمیشہ قواعد و ضوابط اور میرٹ پر کام کرنے کی کوشش کی ہے، ترقی عوام کا حق ہے، کسی پر احسان نہیں کر رہے، ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج پر جلد از جلد عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے صحافیوں کے مسائل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شیخوپورہ پریس کلب سے متعلق ایشوز کا ہمدردی سے جائزہ لے رہے ہیں، صحافیوں کے مسائل حل کئے جائیں گے۔











