کراچی،12مارچ (اے پی پی):صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں سماجی و معاشی انقلاب کے لئے خواتین کی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ پر زور دیا ہے۔
وہ جمعہ کو گورنرہائوس میں پاکستان ریلوے اوردی سٹیزن فائونڈیشن کے نمائندوں سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔اجلاس میں خاتون اول بیگم ثمینہ علوی بھی موجود تھیں جبکہ دیگر شرکاء میں پاکستان ریلوے کے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کراچی محمد حنیف گل ، ٹی سی ایف کی جنرل منیجر راحیلہ فاطمہ شکیل ، انصاف کمیونیٹی سوسائٹی کے صدر زاہد اصغرشامل تھے ۔
صدرمملکت نے خصوصی بچوں کو تعلیم فراہم کرکے ان کو معاشی نظام میں شامل کرنے پر بھی زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش نے خواتین کی تعلیم اور صلاحیتوں میں اضافہ کرکے ملک سے غربت کوختم کرنے اورمعیشت کو پائیدار بنانے میں کامیابی حاصل کی ہے ۔
صدرمملکت نے کہا کہ اسی طرح پاکستان کو بھی پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے خواتین کی تعلیم اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے احساس پروگرام کو ملکی اور عالمی سطح پر بہت پذیرائی ملی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کے مشترکہ تعلیم کے لئے بھی اسی طرح کی سہولیات دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مخیر حضرات اس حوالے سے اپناکردار ادا کریں گے ۔
صدرمملکت کو پاکستان ریلوے کے کراچی میں واقع اسکول جو کہ ٹی سی ایف کے زیراہتمام ہے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی ۔انہوں نے اس اسکول میں بہترتعلیم فراہم کرنے پر ٹی سی ایف انتظامیہ کی کارکردگی کو بھی سراہا ۔











