اسلام آباد،15مارچ (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ان کی اہلیہ بیگم ثمینہ علوی نے کورونا ویکسین لگوا لی ہے۔پیر کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کورونا کی ویکسین لگوانے کوویڈ ویکسینیشن مرکز ترلائی اسلام آباد پہنچے۔صدر مملکت اور ان کی اہلیہ بیگم ثمینہ عارف علوی کو کورونا کی ویکسین لگائی گئی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں اشرافیہ نے لائن توڑ کر ویکسین لگوائی، پاکستان میں عمر کے حساب سے اپنی باری پر ویکسین لگائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے 1166 پر رجسٹرڈ کیا اور نمبر آنے پر ویکسین لگوائی، حکومت نے ویکسینیشن کا آسان اور بہترین نظام بنایا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ویکسین ملنے کے باوجود احتیاط جاری رکھیں،کورونا کی تیسری لہر کے پیشِ نظر ماسک پہننا، ہاتھ دھونا اور فاصلہ برقرار رکھنا جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی اپنانے سے معاشی نقصان کم ہوا۔











