پشاور،09 مارچ (اے پی پی): خیبر پختونخوا کے وزیربلدیات،انتخابات ودیہی ترقی اکبرایوب خان کی زیرصدارت اربن ایریا زڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا پہلااجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمدخان، مشیرسائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ خان بنگش، ایم پی ایز نذیراحمدعباسی، عبدالسلام آفریدی، بابرسلیم سواتی، فیصل امین خان، میاں شرافت علی، آسیہ خٹک، عائشہ نعیم اور متعلقہ محکموں کے اعلی حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد نے اربن ایریاز ڈویلپمنٹ اتھارٹیز بورڈ کے قیام اور اغراض ومقاصد کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بورڈ نے چارمختلف ذیلی کمیٹیوں کے قیام کی بھی منظوری دی جس میں سروس میٹرز کمیٹی، رولز اینڈریگولیشن کمیٹی، بجٹ ایڈفنانس کمیٹی اور آکشن اینڈالاٹمنٹ کمیٹی شامل ہیں جس کا چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران میں سے موجود ممبرصوبائی اسمبلی کو منتخب کیا جائیگا۔ چیئرمین بورڈ اکبرایوب خان نے کہاکہ صوبے میں تقریباّ 13 اتھارٹیز موجود ہیں جن میں سے کچھ نئی اور کچھ پرانی ہیں ان کے مسائل کو حل کرنا اور عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے یہ بورڈ قائم کیاگیاہے جس کے پلیٹ فارم سے اتھارٹیز کے ملازمین کے مسائل حل کرنے کیساتھ ساتھ ان کو مزید منافع بخش بنانے اور کام میں مزید جدت لانے کیلئے اصلاحات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ بورڈ کی میٹنگ ماہانہ بنیاد پر ہوگی جس میں زونز وائز اتھارٹیز کے بارے میں فیصلے کئے جائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام اتھارٹیز اپنی مکمل تفصیل ومعلومات جلد ازجلد بورڈ کو مہیا کریں جس کومنظوری اوردیگرلائحہ عمل کے لئے متعلقہ کمیٹی کے حوالے کیاجائیگا۔ اکبرایوب خان نے اتھارٹیز کے پراجیکٹ ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ بورڈ کے اگلے اجلاس میں موجودہ بجٹ منظوری کیلئے پیش کیاجائے اور آنے والے بجٹ کیلئے بھی جلد ازجلد تیاری مکمل کریں تاکہ اس کی بھی بورڈ سے منظوری دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ تمام اتھارٹیز نئی ہاوسنگ سکیموں کی پروپوزلز کی اس بورڈ میں منظوری کیلئے پیش کرسکتے ہیں اسی طرح پبلک سیکٹرسکیموں کو بھی مزید بہتربنایاجائیگا۔ بورڈ ممبرصوبائی مشیرسائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ خان بنگش نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ اس پلیٹ فار م سے تمام اتھارٹیز میں بہتری لانے کیلئے سزاوجزا کاعمل متعارف کریں گے انہوں نے کہاکہ اتھارٹیز کے سٹاف کے مسائل حل ہوں گے اور ان کو اس بورڈ کی سپورٹ ہوگی تو وہ بہت اچھے ریفارمز لائیں گے۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمدخان وزیرنے کہاکہ اتھارٹیز میں عوامی نمائندوں کی موجودگی سے اتھارٹیز بہترطریقے سے ترقی کرسکیں گی اور عوامی مسائل بھی حل ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ جہاں پراتھارٹیزموجود نہ ہو اور ضرورت ہو تو نئی اتھارٹیز بھی قائم کی جائیگی۔











