صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی  زیر صدارت کابینہ کمیٹی لاء اینڈ آرڈر کا اجلاس

85

  لاہور، 4 مارچ(اے پی پی): صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی زیر صدارت  جمعرات کو یہاں سول سیکریٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے   لاء اینڈ آرڈر کا اجلاس منعقد  ہوا۔اجلاس میں  صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کمشنر لاہور کی سربراہی میں سیکیورٹی اور انتظامی امور کی نگرانی کے لیے دو کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں،کھلاڑیوں کو بلٹ پروف گاڑیوں کی فراہمی،آرمی کی چار اور رینجرز کی چھ کمپنیاں بھی تعینات کی جائیں گی۔

اجلاس کو   بتایا  گیا کہ پی ایس ایل کی ٹیمیں 8 مارچ کو لاہور پہنچیں گی جبکہ 20 تا 22 مارچ میچ کھیلے جائیں گے اور پنجاب یونیورسٹی گراؤنڈز، ایف سی کالج اور جام شیریں پارک میں گاڑیوں کی پارکنگ کا انتظام کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر قانون نے کہا مالی مشکلات کے پیش نظر کم سے کم سیکیورٹی اخراجات ممکن بنائے جائیں، غریب عوام کے دس پندرہ ارب روپے ہر سال چند کرکٹ میچوں پر خرچ کردینا دانشمندی نہیں، سارا بوجھ پنجاب حکومت پر نہ ڈالا جائے،پی سی بی بھی سیکیورٹی اخراجات میں حصہ ڈالے۔انہوں نے کہا  کہ  کورونا کی موجودہ صورتحال میں کرکٹ بورڈ سٹیڈیم میں  25 فیصد سے زائد ناظرین کواجازت نہ دے، کرکٹ میچوں کے دوران عوام کے لیے ٹریفک کے کم سے کم مسائل پیدا کیے جائیں۔

 اجلاس میں  پنجاب کی جیلوں کے لیے بجلی و گیس کے بقایا جات اور ادویات سمیت دیگر اشیاء کے لیے 37 کروڑروپےاضافی بجٹ کے مطالبہ پر بھی بات چیت کی گئی جس کے لیے کمیٹی نے سیکریٹری خزانہ کے ساتھ الگ اجلاس طلب کر لیا ہے۔

اجلاس میں وزیر کھیل تیمور بھٹی،ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ مومن آغا،آئی جی جیلز سمیت دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔