صوبہ کے تمام شہروں کی یکساں ترقی ہمارا عزم ہے: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار

42

لاہور، 26مارچ(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ صوبہ کے تمام شہروں کی یکساں ترقی ہمارا عزم ہے- خدمت کے جذبے سے کام کررہے ہیں ،عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے ہر وقت دروازے کھلے رکھتے ہیں –

ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے جمعہ کو یہاں مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی اشرف انصاری  سے دوران ملاقات  کیا ، ملاقات میں یونس انصاری اور طاہر بشیر چیمہ موقع پر موجود تھے۔

   اشرف انصاری اور یونس انصاری نے گوجرانوالہ کے لئے اربوں روپے کا ترقیاتی پیکیج دینے پروزیراعلیٰ عثمان بزدار کو خراج تحسین پیش کیا۔ اشرف انصاری نے کہا کہ آپ نے یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کر کے گوجرانوالہ کے لوگوں کے دل جیت لئے ہیں -آپ کی قیادت میں گوجرانوالہ ترقی کرے گا اور عوام کے مسائل حل ہو ں گے۔ اشرف انصاری نے کہا کہ شہر کی صفائی کے لئے جی ڈبلیو ایم سی کو 106گاڑیاں فراہم کرنا قابل تحسین ہے-

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے یونس انصاری نے کہا کہ ماضی میں گوجرانوالہ کی صفائی اور دیگر بنیادی مسائل کو بری طرح نظر انداز کیا گیا- گوجرانوالہ کو لاہور سیالکوٹ موٹروے سے منسلک کرنے سے عوام کا دیرینہ مسئلہ بھی حل ہوگا، ہمیں آپ کی قیادت پر بھرپور اعتماد ہے-

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گوجرانوالہ کے ترقیاتی منصوبوں کی خود مانیٹرنگ کروں گا، گوجرانوالہ کے ترقیاتی منصوبوں کو بروقت پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا- گوجرانوالہ میرا اپنا شہر ہے، مسائل پر پوری نظر ہے-

 وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ  اپوزیشن کا منفی بیانیہ عوام نے مسترد کردیاہے- پی ڈی ایم مکافات عمل کا شکار ہو کر ٹوٹ چکی ہے جبکہ  پی ڈی ایم بے سمت دوڑنے والا سیاسی ہجوم ہے-