عالمی امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو دنیا جانتی ہے؛وزیر خارجہ  شاہ محمود قریشی

26

دوشنبہ، 30مارچ(اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عالمی امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو دنیا جانتی ہے،ہم مستقبل پر نظر رکھے ہوئے ہیں،جب خطے میں امن ہو گا تو ہماری مضبوط علاقائی روابط کی سوچ آگے بڑھ پائے گی۔

 نویں ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسس اجلاس کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس بات پر سب متفق ہیں کہ جامع مذاکرات کے علاوہ افغانستان کے مسئلے کا کوئی مستقل حل نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سالہا سال سے یہی کہتا آ رہا ہے کہ افغانستان کے مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے اور اب یہ بات سب کو ذہن نشین ہو چکی ہے جو کہ بہت بڑی کامیابی ہے-

مخدوم شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ میں یہ ہرگز نہیں کہوں گا کہ ایسا کرنا آسان ہو گا یقیناً مشکلات ہیں لیکن ہمیں آگے بڑھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کل میری ترک وزیر خارجہ کیساتھ اچھی نشست رہی-استنبول کانفرنس کے حوالے سے تبادلہ ء خیال ہوا، آج میری افغان صدر اور افغان وزیر خارجہ کے ساتھ بھی ملاقات طے ہے۔