افغانستان میں قیام امن کیلئے  “ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسس “کے وزارتی اجلاس کا انعقاد ایک مثبت اور احسن اقدام ہے؛ وزیر خارجہ  شاہ محمود قریشی

117

دوشنبے، 30 مارچ (اے پی پی ):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  نے کہا ہے کہ خطے، بالخصوص افغانستان میں قیام امن کیلئے کی جانے والی کاوشوں میں “ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسس “کے وزارتی اجلاس کا انعقاد ایک مثبت اور احسن اقدام ہے۔ پرامن اور مستحکم افغانستان، پاکستان کے مفاد میں ہے۔

ان خیالات کا اظہار  وزیر  خارجہ نے  منگل کو یہاں  منعقدہ نویں “ہارٹ آف ایشیا – استنبول پراسس” کانفرنس کے موقع پر افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات  کے دوران کیا، ملاقات میں  پاک، افغان دو طرفہ تعلقات، افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال   کیا گیا۔

 وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، خطے میں امن کیلئے کی جانیوالی کاوشوں میں شراکت دار ہے۔ پاکستان، خطے کے امن و استحکام کیلئے افغانستان میں قیام امن کو ناگزیر سمجھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں افغانستان میں تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش ہے ،پاکستان کا ہمیشہ سے موقف رہا کہ افغان مسئلے کو طاقت کے ذریعے حل نہیں کیا جاسکتا ۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان،جامع مذاکرات کے ذریعے افغان مسئلے کے سیاسی حل کا حامی ہے،بین الافغان مذاکرات کے نتیجے میں مثبت پیش رفت، افغان امن عمل کو منطقی انجام تک پہنچانے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے ۔  انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغان امن عمل سمیت خطے میں امن کیلئے اپنی مخلصانہ کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔

افغان صدر اشرف غنی نے وزیر اعظم عمران خان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔