لاہور؛وزیراعلی پنجاب کی اسپیشل کمیٹی برائے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 کا اجلاس

115

لاہور،17 مارچ(اے پی پی ):  وزیراعلی پنجاب کی اسپیشل کمیٹی برائے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 کا اجلاس بدھ کو یہاں وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا ۔اجلاس کی صدارت سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کی جبکہ وزیر قانون راجہ بشارت سمیت آٹھ دیگر وزراء نے شرکت کی۔اجلاس میں سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نے اجلاس میں گزشتہ روز سپریم کورٹ میں ہونے والی سماعت پر کمیٹی کو بریفنگ دی۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے کمیٹی کو بتایا کہ سپریم کورٹ میں الیکشن کمشن نے یہ بیان دیا کہ پنجاب حکومت نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم کرنے سے پہلے اسے آگاہ نہیں کیا۔

اس موقع سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان  نے کہا کہ  الیکشن کمیشن کا یہ بیان کہ اسے پہلے آگاہ نہیں کیا گیا حقائق کے برعکس ہے حقیقت یہ ہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس حکومت پنجاب کی طرف سے پنجاب کے وزیر قانون، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ  دو بار پیش ہوئی ۔

کمیٹی کے اراکین نے کہا کہ  انہوں نے واضح طور پر بتایا کہ حکومت پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم لانا چاہتی ہے۔اس امر کا اعتراف الیکشن کمیشن نے اپنے جاری کردہ ان منٹس آف میٹنگز میں بھی کیا ہے  ان منٹس میں الیکشن کمیشن نے تسلیم کیا ہے کہ حکومت پنجاب کی طرف سے بتایا گیا کہ ہم ایکٹ میں ترامیم  لانا چاہتے ہیں ۔الیکشن کمشن کے جاری کردہ منٹس آف میٹنگز ازخود سپریم کورٹ میں اس کے بیان کی نفی ہے ۔

سپیشل کمیٹی نے کہا کہ یہ امر قابل تشویش ہے کہ سپریم کورٹ کے سامنےحقائق کے منافی بیان دے کر اس معاملے پر حکومت پنجاب کی پوزیشن کمزور کی گئی  اگر سپریم کورٹ کے سامنے حقائق درست انداز میں پیش کئے جاتے تو یقینی طور پر عدالت عظمی حکومت پنجاب کے متعلق وہ ریمارکس نہ دیتی جو گزشتہ روز سماعت میں دیے گئے۔