لنڈیکوتل میں جاری پاکستان سپورٹس فیسٹیول 2021 کے فٹبال کا فائنل اباسین فٹبال کلب نے جیت کر ٹرافی اپنے نام کر لی 

183

پشاور، 1مارچ(اے پی پی): ضلع خیبر لنڈیکوتل گورنمنٹ ہائی سکول سپورٹس گراؤنڈ میں پاکستان سپورٹس فیسٹیول بتعاون فرنٹیئرکور نارتھ خیبر رائفلز حکام کی طرف سے شروع ہوا جس میں 32 ٹیموں نے حصہ لیا۔

 فائنل میچ زوان شینواری فٹبال کلب اور اباسین فٹ بال کلب کے درمیان کھیلا گیا جوکہ اباسین فٹ بال کلب نے 1گول سے زوان شینواری فٹ بال کلب کو شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کرلی۔

فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل کے موقع پر ہزاروں کی تعداد میں تماشائی گراؤنڈ میں موجود تھے. پاکستان سپورٹس فیسٹیول 2021 فٹ بال ٹورنامنٹ کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ خیبر رائفلز کرنل رضوان نزیر تھے.

 فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل کے موقع پر مہمان خصوصی کمانڈنٹ خیبر رائفلز کرنل رضوان نزیر نے تماشائیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لنڈی کوتل میں کھیلوں کی سرگرمیاں خوش آئندہ اقدام ہیں یہاں کے کھلاڑیوں میں بےپناہ ٹیلنٹ موجود ہے جنہوں نے ہمیشہ کھیل کے میدان میں ملک اور قوم کا نام روشن کیا ہے جوکہ فخر کا مقام ہے۔

 انہوں نے کہا کہ علاقے میں کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لئے سیکورٹی فورسز حکام کھلاڑیوں کی ہر ممکن مدد جاری رکھیں گے اور مزید سپورٹس ایونٹ کا انعقاد بھی کرینگے.

پاکستان سپورٹس فیسٹیول 2021 فٹ بال ٹورنامنٹ فائنل کے اختتام پر کمانڈنٹ خیبر رائفلز کرنل رضوان نزیر نے کھلاڑیوں میں نقد انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں جس پر خیبر سپورٹس کلب کے صدر معراج الدین شینواری نے کمانڈنٹ خیبر رائفلز کرنل رضوان نزیر اور آنے والے تمام مہمانوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔