آئی جی پولیس بلوچستان کے احکامات پر ایس پی کی جانب سے پولیس لائن کوہلو میں کھلی کچہری کا انعقاد

69

کوہلو،01 مارچ (اے پی پی ): پولیس لائن کوہلو میں انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس سبی رینج کی ہدایت پر ایس پی کوہلو نے کھلی کچہری منعقد کی جس میں سول سوسائٹی،تاجر برادری اور عمائدین شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ایس پی طارق مری نے کھلی کچہری کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پولیس عوام کے جان ومال کی تحفظ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے ضلع میں پولیسنگ نظام کی بہتری کیلئے مزید اصلاحات کررہے ہیں پولیس افسران عوام کے مسائل خندہ پیشانی سے سن کر ان کے حل کیلئے فوری اقدامات اٹھائیں تاکہ عام آدمی کا فورس پر سے اعتماد میں مزیداضافہ ہوسکے شہر میں ٹریفک کی روانی کیلئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر اقدامات اٹھارہے ہیں شہر میں ون وے پر کام جاری ہے تاکہ بھاری بھر کم گاڑیوں کا دن کے اوقات کار میں شہر کے اندر داخلہ ممنوع کیا جاسکے سڑک کنارے کھڑی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو ہٹانے پر فوری عملدرآمد کیا جائے گا تاجربرادری بے فکری سے اپنے کاروبار کومزید وسعت دیں ان کے جان ومال کی حفاظت ہماری ذمہ داریوں میں شامل ہے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ منشیات فروش اور جرائم پیشہ افراد کی نشاندہی کریں تاکہ ان کو قانون کے کٹہرے میں لاکر صحت مندانہ معاشرے کے قیام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے، پولیس فورس کے جوان جانفشانی اور بہادری سے اپنے فرائض کی ادائیگی پورا کررہے ہیں جس سے شہر میں امن وامان کی صورتحال برقرار ہے۔فرض کی ادائیگی میں کوتاہی کرنے والے اہلکاروں کے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی انہوں نے کہا کہ کوہلو شہر میں 15ہیلپ لائن کا آغاز کرنے جارہے ہیں جس سے شہری اپنے آس پاس ہونے واقعات و وارداتوں کے بارے میں فوری طورپر 15پر اطلاع دیں گے چند لمحوں میں پولیس کی مددگار ٹیم کوجائے وقوعہ پر پائیں گے جو شہریوں کے مسائل کے فوری حل اور پولیسنگ نظام کی بہتری میں معاون ثابت ہوگی۔شہریوں تاجربرادری اور عمائدین نے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔