مری: پنجاب آرٹس کونسل کے زیر اہتمام عالمی یوم خواتین کے سلسلے میں کوہسار یونیورسٹی  میں   سیمینارکا انعقاد

76

مری ،09 مارچ (اے پی پی ): پنجاب آرٹس کونسل مری کے زیر اہتمام عالمی یوم خواتین کے سلسلے میں کوہسار یونیورسٹی  میں  سیمینارکا انعقاد کیا گیا،مقررین میں کوہسار یونیورسٹی کی پروفیسر سائرہ رشید،پروفیسر ارم فخراوردختران اسلام کالج بانسرہ گلی کی لیکچرارشہلا انوارنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے معاشرے کی تعمیروترقی میں خواتین کے کردار پر روشنی ڈالی۔

کوہسار یونیورسٹی مری کی پروفیسرشبنم  نے کہا کہ دنیا کی کوئی بھی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی جب تک اس قوم کی خواتین مردوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی نہ ہوں،عالمی یوم خواتین کو اجاگر کرنے کا مقصد پوری دنیا میں خواتین پر تشدد کی روک تھام، باہمی ہم آہنگی، تعلیم نسواں اور دیگر مسائل کی آگہی کے لیے اقدامات کرنا ہیں ،آج کا دن درحقیقت عورت کے ہر روپ کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔

 تقریب میں کوہسار یونیورسٹی گرلز کیمپس مری، ایم سی گرلزمڈل سکول لوئر مال، دختران اسلام کالج کی فیکلٹی ممبران، طالبات، خواتین ونگ پی ٹی آئی تحصیل مری،جہانگیر ٹائیگرفورس کوآرڈینیٹر مری سٹی اور میڈیا کے احباب نے شرکت کی اور پنجاب آرٹس کونسل کو خوبصورت پروگرام منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کی۔

سیمینار کے اختتام پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر پنجا ب آرٹس کونسل مری انعم خالد نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ  حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام مکتبہ فکر سے دلچسپی رکھنے والے پروگراموں کا انعقاد کرنا ہمارا فرض ہے اور آج کا پروگرام بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔