معاشرے کے تمام طبقات کو قومی دھارے میں شامل کیے بغیر ترقی ممکن نہیں،  صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

51

کراچی ، 12مارچ  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ معاشرے کے تمام طبقات کو قومی دھارے میں شامل کیے بغیر ترقی ممکن نہیں، نئی نسل کارخیر کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے ساتھ ساتھ بدعنوانی کے خلاف کھڑی ہو جائے، ایمان، اتحاد اور تنظیم کے اصول ہمارے لیے مشعل راہ ہیں، بچے اپنی اور ماحول کی صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پاکستان سکائوٹس سندھ کے زیراہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 صدر مملکت نے کہا کہ سکاؤٹس ایک تربیتی تحریک ہے جو تنظیم، نظم و نسق اور خدمت کی تربیت فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر سکاؤٹس میں اپنی شمولیت اور اس تحریک سے وابستہ اپنی یادوں کے بارے میں شرکا ءکو بتایا۔

صدر مملکت نے بچوں کو صفائی ستھرائی اور صحت افزا ماحول کی اہمیت سے آگاہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا،  بچوں کو اپنی اور ماحول کی صفائی کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے درختوں کی بہت اہمیت ہے، وزیراعظم عمران خان نے پورے ملک میں 10 ارب درخت لگانے کا پروگرام شروع کیا ہے، بچوں کو خود بھی پودے لگانے چاہئیں اور اپنے عزیز و اقارب کو بھی پودے لگانے کے لیے قائل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے، اس پر عمل کرکے بہت سی بیماریوں سے بچائو ممکن ہے۔

صدر مملکت نے اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس میں سب کی فلاح ہے، مل کر کام کرنے کی بڑی اہمیت ہے اور سکاؤٹس کی تحریک میں اس کی تربیت کا اہتمام کیا جاتا ہے، پاکستان کے لوگوں کی ایک بڑی خوبی ہے کہ وہ کارخیر کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں، بچوں میں اس جذبہ کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے، اسی طرح مضبوط قوم بنتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کی بنیاد پر افراد اور ملک ترقی کریں گے، اس لیے ضروری ہے کہ بچوں کی معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت کا اہتمام بھی کیا جائے،  بدعنوانی زہر کی حیثیت رکھتی ہے جو ملکوں کو تباہ کر دیتی ہے، ہرممکن کوشش کریں مال بنانے کی لالچ سے دور رہیں، پاکستان کو کرپشن سے بہت نقصان پہنچا ہے، ہماری نئی نسل کو اس کا ادراک ہونا چاہیے کہ وہ اپنے ملک کو کرپشن کی لعنت سے پاک بنا سکتے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں معذور افراد  کو اس قابل بنانا ہے کہ وہ علم اور ہنر کی بنیاد پر اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں،  خصوصی افراد کے حوالے سے معاشرے کو احساس کرنا چاہیے کہ ان کی تضحیک نہ کی جائے بلکہ ان کی عزت نفس اور احترام کو ملحوظ خاطر رکھا جائے، ان کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ وہ معاشرے کے  کارآمد شہری بن سکیں،   جن قوموں نے محروم طبقات کا احساس کرتے ہوئے ان کی فلاح و بہبود پر توجہ دی اور انہیں قومی دھارے میں شامل کیا، انہوں نے ترقی کی منازل طے کی ہیں، مجھے امید ہے کہ اگر ہمارے معاشرے میں بھی ان صفات کو فروغ دیا جائے تو ہم پاکستان کو ایک مضبوط اور توانا ملک بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

تقریب میں سکاؤٹس نے ٹیبلوز پیش کیے اور مختلف سکاؤٹنگ سرگرمیوں کا مظاہرہ بھی کیا