صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی زیر صدار ت محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرمیں کوروناایکسپرٹ ایڈوائزی گروپ کا اہم اجلاس

69

لاہور 12مارچ (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرمیں کوروناایکسپرٹ ایڈوائزی گروپ کے اہم اجلاس کی صدارت کی۔ پروفیسرڈاکٹرمحمودشوکت نے اجلاس کے دوران وزیر صحت کو ٹیسٹنگ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اجلاس کے دوران بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کیلئے مزیدآسانیاں پیداکرنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک جا نے والے پاکستانیوں کیلئے مزیدآسانیاں پیداکرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، پنجاب بھرمیں 60سال عمرسے زائدافرادکو کورونا ویکیسن لگانے کا سلسلہ شروع ہوچکاہے، پنجاب کے مختلف ایئرپورٹس پر مسافرو ں کی آسانی کیلئے کوروناٹیسٹنگ بوتھ کے قیام کے اقدامات کئے جائیں، ایئرپورٹس پر ٹیسٹنگ بوتھ کے قیام کے سلسلہ میں سول ایوی ایشن اتھارٹی سے رابطہ کیاجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو کوروناوائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیرسختی سے اختیار کرناہونگی، تمام ویکسینیشن سنٹرزپر تربیت یافتہ عملہ فرائض سرانجام دے رہاہے، انشاء اللہ پاکستانی قوم کوروناوائرس کو شکست دے گی، پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں کوروناوائرس کا شکارمریضوں کابہترعلاج جاری ہے۔