ملتان؛سیکرٹری زراعت ثاقب علی  کا مختلف علاقوں کادورہ، بارشوں کے فصلوں اور باغات پر اثرات کا جائزہ لیا

34

ملتان،26مارچ(اے پی پی):سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل کا بہاولپور، نور پور، احمد پور شرقیہ، چنی گوٹھ اور لیاقت پور کے مختلف علاقوں کادورہ،

 بارشوں کے فصلوں اور باغات پر اثرات کا جائزہ لیا۔

 اس موقع پر سیکرٹری زراعت ثاقب علی عطیل نے کہا کہ بہاولپور میں گندم کی مجموعی صورت حال تسلی بخش ہے، بارشوں کی وجہ سے گندم کی پچھیتی کاشتہ فصل چند علاقوں میں لیٹ گئی ہے جبکہ بروقت کاشت کی گئی فصل کو کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا جس کی وجہ سے مجموعی پیداوار متاثر نہیں ہوگی۔ انہوں نے  کہا کہ آم کے باغات پر پھپھوندی سمیت دیگر بیماریوں کا حملہ ہوسکتا ہے لہٰذا اس سلسلہ میں بھی باغبانوں کو مکمل رہنمائی فراہم کی جائے۔

ثاقب علی عطیل نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگاکر آنے والی نسلوں کو نقصان سے بچایا جاسکتا ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے کسانوں کو بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑتا ہے اور ان کی محنت برباد ہوکر رہ جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب بیمہ سکیم کے تحت رجسٹرڈ کاشتکاروں کومالی تحفظ فراہم کر رہی ہے، اس سے کاشتکاروں کو مالی تحفظ کے ساتھ ساتھ ذہنی سکون بھی حاصل ہوتا ہے کہ اب حالات جیسے بھی ہوں انہیں اپنی محنت کا بھرپور صلہ ملے گا۔

 سیکرٹری زراعت نے کہا کہ کپاس کی کاشت اور پیداوار میں اضافہ کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اسی لئے اس سال خصوصی بیمہ پالیسی برائے فصل کپاس شروع کی گئی ہے تاکہ کاشتکاروں کے منافع کو یقینی بنایا جاسکے۔ کاشتکاروں کی سہولت کے لیے کھاد، بیج اور زرعی ادویات کی دکانوں کو 24/7 کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے تاکہ کاشتکاروں کو کپاس و دیگر خریف کی فصلات کی کاشت کے لیے درکار زرعی مداخل کی دستیابی یقینی بنائی جاسکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فیلڈ فارمیشنز کپاس کی کاشت میں اضافہ کے لیے کاشتکاروں کوترغیب دیں اور انھیں اس کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کپاس کی کاشت مکمل کی جاسکے۔

 سیکرٹری زراعت نے فیلڈ فارمیشنز کو ہدایت دی کہ کورونا وائرس کی موجودہ صورت حال میں ایس او پیز کے مطابق حفاظتی تدابیر اپناتے ہوئے کاشتکاروں کو گندم کی کٹائی اور دیگر فصلوں کی بوائی بارے مکمل رہنمائی بھی جاری رکھیں۔