سیاحت کا فروغ؛ قومی ائیرلائن کی سوات کیلئے پروازیں 17سال بعد بحال،وزیر اعلی  محمود خان پہلی پرواز سے سوات پہنچ گئے

22

پشاور، 26مارچ(اے پی پی): سیاحت کے فروغ کیلئے حکومت نے ایک اور بڑا سنگ میل طے کرتے ہوئے قومی ائیرلائن کی سوات کیلئے پروازیں بحال کردیں۔  17 سال بعد سوات ائیر پورٹ کو کمرشل پروازوں کے لئے دوبارہ کھول دیا گیا اور پی آئی اے کی پرواز مسافروں کو لیکر سوات ائیر پورٹ پر اتر گئی۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان،  وفاقی وزراء مراد سعید اور غلام سرور بھی فلائیٹ میں سوات پہنچے جہاں سوات ائیر پورٹ پر حکام نے مسافروں کا پر تپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر وزیر اعلی محمود خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 17 سال بعد سوات ائیر پورٹ کی دوبارہ بحالی ایک اہم کامیابی ہے اور میں اس اہم کام کے لئے وزیر اعظم عمران خان کا بے حد مشکور ہوں۔ انہوں نے سوات ائیر پورٹ کو دوبارہ کھولنے کے لئے وفاقی وزیر مراد سعید اور  سوات کے لئے پروازیں بحال کرنے کے سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی،  پی آئی اے اور ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کی تعریف کی۔

 وزیراعلی محمود خان نے کہا کہ پروازوں کی بحالی سے علاقے میں سیاحت کو مزید فروغ ملے گا اور لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہونگے،  صوبے میں نئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی اور ان کی بین الاقوامی طرز پر ترقی دینے اور متعدد اینٹگریٹڈ ٹوارزم زونز کے قیام پر کام جاری ہے جبکہ صوبے کے تمام سیاحتی مقامات کو سڑکوں کے زریعے ایک دوسرے سے کنیکٹ کیا جا رہا ہے۔

 وزیر اعلی نے کہا کہ آسٹرئین کمپنی کے تعاون سے سوات میں چار ہزار گھروں پر مشتمل اسکئینگ ویلیج قائم کیا جائے گا، کمراٹ- مداکلشٹ چئیر لفٹ کی فیزیبلٹی پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ سوات موٹروے فیز ٹو کا افتتاح جلد کیا جائے گا، دیر موٹروے کا پی سی ون تیار ہوگیا ہے اور توقع ہے کہ وزیراعظم رمضان سے قبل چکدرہ- چترال-شندور روڈ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

 محمود خان نے کہا کہ دریائے سوات سے مینگورہ سٹی کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے 14 ارب روپے کا منصوبہ تیار کیا جارہا ہے۔انہوں  نے عوام سے اپیل کی کہ کورونا ایس او پیز پر سختی سے  عمل کریں، حکومت اس وبا کے پھیلاو کو روکنے کے لئے ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے جن کا مقصد لوگوں کی جانوں کا تحفظ ہے۔