ملتان ؛سیکرٹری ہاﺅسنگ جنوبی پنجاب کا  تونسہ میں سیوریج کے مسائل کے حل کے لیے واسا کا محکمہ بنانے کا فیصلہ

152

ملتان، 09 مارچ (اے پی پی ):سیکرٹری ہاﺅسنگ اربن ڈو یلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ جنوبی پنجاب لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ تونسہ میں سیوریج کے مسائل کے حل کے لیے  واسا کا محکمہ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ تونسہ اور ڈی جی خان میں جاری واٹر سپلائی سکیمیں ٹف ٹائلزاور بیوٹیفیکشن پر کام کی رفتار تیز کرنے کے حکامات بھی  جاری کر دیئے ہیں۔ موجودہ حکومت صاف پانی اور سیوریج   کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ ہے،تمام مسائل کا حل ترجیحات میں شامل ہے۔

اُنھوں نے ان خیالات کا اظہار تونسہ شہر اور دیہاتی علاقوں میں جاری ترقیاتی سکیموں  پربریفنگ اور جائزہ لیتے ہوئے کیا۔اُنھوں نے  کہا کہ منصوبوں اور سکیموں میں شفافیت اور معیا ر پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گااور سکیموں کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کو یقینی بنا رہے ہیں، جاری سکیموں بارے  اس کی منیٹرنگ کو یقینی بنا رہے ہیں جبکہ روزانہ کی بنیاد پر اس حوالے سے رپورٹ طلب کی جارہی ہیں۔

 اُنھوں نے مزید کہا کہ ڈی جی خان اور تونسہ میں واسا محکمہ کا  ہونا ناگزیر ہے ۔سیوریج اور صاف پانی کے مسائل کو حل کرنے کے لیئے ایک منظم محکمہ کا ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ  صاف پانی عوام کا بنیادی حق ہے جو ان کو دیں گے اور سیوریج کے مسائل کو حل کر نے کے لیے مربوط اور جامعہ عملی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔

اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری ہاؤ سنگ ایڈمن ملک محمد سمیع اور ٹیکنیکل ایڈوائزر ٹو سیکرٹری ہاﺅسنگ طاہر انصاری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور واسا کے انجینئرز اور دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔