میڈیکل کالج کی کلاسز کا آغاز اسی سال   کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان

116

گلگت۔1مارچ  (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے کہا ہے کہ میڈیکل کالج کی کلاسز کا آغاز اسی سال کسی سرکاری بلڈنگ میں کیا جائے گا۔ صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے اصلاحات متعارف کرائے جارہے ہیں۔ 30جون تک تمام ضلعی ہیڈکوارٹر کے ہسپتالوں کو ہر صورت مکمل طور پر فعال بنایا جائے گا جس کیلئے درکار وسائل کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔ تمام ضلعی ہیڈکوارٹر کے ہسپتالوں کو فعال بنانے کیلئے درکار مشینری کی خریداری کیلئے پی سی ون کو آئندہ ہفتے تک تیار کیا جائے۔ ڈاکٹروں کی رہائش کیلئے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات دی گئی ہے۔ گلگت کے ہسپتالوں میں ہاؤس جاب شروع کرنے کیلئے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں۔ بڑے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کے ہاؤس جاب کیلئے درکار لوازمات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے کہا ہے کہ صوبے میں نرسنگ کالج کے قیام کیلئے بھی فوری طور پر اقدامات کئے جائیں۔ جنرل نرسز کی کمی دور کرنے کیلئے وفاقی حکومت کو پی سی فور کے مطابق جنرل نرسز کے آسامیوں کی تخلیق کی سفارش کی جائے گی۔ صحت کے فرسودہ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے صحت کے ماہرین کی مشاورت سے اصلاحات تیار کی جائیں۔ ا ن خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے ہیلتھ سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ ہسپتالوں میں معیاری ادویات کی دستیابی اور بے ضابطگیوں کے خاتمے کیلئے ادویات کے مستند کمپنیوں سے ہسپتالوں کیلئے درکار ادویات کی خریداری براہ راست کی جائے گی۔ گلگت  بلتستان کے عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ ہیلتھ سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں سابقہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔