ملتان، 25 مارچ(اے پی پی): میگا شوگر سکینڈل اور چینی کی مصنوعی قلت کے خدشہ کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے گزشتہ روز ہول سیل ڈیلرز کا اجلاس طلب کر لیا۔اجلاس میں غلہ منڈی کے چینی کے ہول سیل ڈیلرز فیصل شفیق، طاہر امین، محمد داود،شیخ عمران اور دیگر ڈیلرز نے شرکت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمدطیب خان اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود بھی اجلاس میں موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غلہ منڈی کی تاجر برادری کو پکڑ دھکڑ سے خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔حکومت صرف ان عناصر کے خلاف کاروائی کررہی ہے جو چینی کی سٹہ بازی میں ملوث ہیں، تاجر برادری ملک کی معیشت کے انجن کی حیثیت رکھتی ہے جن کی معاشی سرگرمیوں کی وجہ سے روز گار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے چینی کی ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت کے خاتمہ کے حوالے سے سخت ہدایات جاری کی ہیں۔ضلعی انتظامیہ کسی صورت چینی کا بحران پیدا نہیں ہونے دے گی۔چینی کے ہول سیل ڈیلرز ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں،چینی کے سٹاک ڈیکلئیر کریں اور ذخیرہ اندوزی سے اجتناب کریں۔
انہوں نے کہا تمام پرائس مجسٹریٹس کو ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاون کا حکم دے دیا گیا ہے، وزیراعظم ٹائیگر فورس کی مدد بھی پرائس مجسٹریٹس کو حاصل ہو گی۔
چینی کے ہول سیل ڈیلرز نے ڈپٹی کمشنر کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ شہر میں چینی اور اشیائے ضروریہ کی مصنوعی قلت کے خاتمے کے لئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ غلہ منڈی میں چینی کا مناسب سٹاک موجود ہے۔