نوشہرہ ورکاں، 10 مارچ (اے پی پی ):نوشہرہ ورکاں میں کورونا ویکسین لگانے کے لیے میونسپل کمیٹی ہال میں سنٹر قائم کر دیا گیا ہے ۔ اسسٹنٹ کمشنر راشد اقبال ،ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹرمقصود ظفر مان، ایم ایس ڈاکٹر عرفان ریاض کی نگرانی میں کورونا ویکسین لگانے کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں ایک سو کی تعداد میں ویکسین نوشہرہ ورکاں پہنچا دی گئی ہے ، صبح آٹھ بجے سے لیکر شام آٹھ بجے تک سنٹر کھلا رہے گا جبکہ ویکسین لگانے کا بھی سلسلہ جاری ہے۔ویکسین لگانے کے لیے مساجد میں اعلانات کے علاوہ شہر میں مختلف مقامات پر فلیکسز بھی لگائی گئی ہیں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں راشد اقبال نے کورونا سنٹر اور تحصیل ہسپتال نوشہرہ ورکاں میں جاری مرمت اور تزئین آرائش کا معائنہ کرنے کے علاوہ مختلف وارڈز میں داخل مریضوں کی خیریت دریافت کی۔
اس حوالے سے ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر مقصود ظفر مان نے کہا کہ حکومت کی جانب کورونا ویکسین لگانے کی بلا قیمت سہولت دی گئی ہے اور 60 سال سے زائد عمر کے افراد ہیلپ لائن 1166 پر انٹری کرا سکتے ہیں ، واپسی میسج آنے پر اپنے علاقہ میں قائم ویکسین سنٹر سے انجکشن لگوا سکتے ہیں۔