شکر گڑھ، 18 مارچ (اے پی پی ): معروف سپن باؤلر سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ریجنل کرکٹ کے ویژن سے سکول کی سطح تک بہتری آئے گی، ریجنل کرکٹ کے قیام سے کرکٹ کو فروغ ملے گا۔ عمران خان نیک نیتی سے کام کر رہے ہیں، ہمیں عمران خان کی کامیابی کےلئے دعا کرنی چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آبائی گاؤں جتوال میں شادی کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکیا۔مشتاق احمد نے کہا کہ اگلے سال انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کا پاکستان کا دورہ متوقع ہے ، اس سال انگلینڈ کی وومن کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل دنیا کی نمبر ون لیگ ہے ، دنیا بھر کے کرکٹرز پی ایس ایل کھیلنا چاہتے ہیں۔عالمی بیٹسمین پی ایس ایل کے ذریعے پاکستانی فاسٹ اور سپن باؤلنگ کھیلنے آتے ہیں، کرکٹنگ کے لحاظ سے پی ایس ایل کا کوئی مد مقابل نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنے آبائی شہر شکرگڑھ میں کرکٹ اکیڈمی کے لئے کوشش کروں گا، ریجنل کرکٹ سے بابر اعظم اور شاہین آفریدی جیسے کھلاڑی سامنے آئیں گے۔











