جلالپور پیروالا، 23 مارچ( اے پی پی): جلال پورپیروالا بلوچستان اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر سردار بابر خان موسیٰ خیل منگل کے روز موسیٰ خیل سے آبائی تعلق رکھنے والے اختر خان شادی زئی اور اظہر خان شادی زئی کی دعوت پر جلال پور کے نواحی علاقے بہلی شریف پہنچے، اس موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، ظہرانے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر بلوچستان سردار بابر خان نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان پر حکومت کرنے والی سیاسی پارٹیوں اور سیاستدانوں کے ساتھ ساتھ وفاقی حکومتوں نے بلوچستان کے مسائل پر توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے بلوچستان میں حقوق سے محرومی کے احساس میں اضافہ ہوا، وفاق میں پی ٹی آئی حکومت اور صوبے میں پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت آنے کے بعد بلوچستان میں صورتحال بدل رہی ہے، وزیراعظم عمران خان نے جس طرح بلوچ بیلٹ کو بڑا ترقیاتی پیکج دیا ہے اسی طرح کا ایک بڑا پیکج وہ پشتوں بیلٹ کو بھی دے رہے ہیں اس سے بلوچستان کے مسائل کا خاتمہ ہو گا،انہوں نے کہا کہ صوبے میں پی ٹی آئی کی حکومت وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کے ساتھ ہے، جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی پارٹی وفاق میں حکومت کیساتھ ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی سے ہم اور وزیر اعلیٰ بلوچستان مطمئن ہیں،جام کمال کی سربراہی میں صوبے بھر میں ترقیاتی کام جاری ہیں، انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کے حلقوں میں بھی ترقیاتی کاموں کے لیے معقول فنڈ جاری کیے ہیں، ڈپٹی سپیکر بلوچستان اسمبلی نے 23 مارچ کے دن کے حوالے سے کہا کہ اس دن کے حوالے سے پوری قوم کو مبارک باد دیتا ہوں، ہر سال ہمیں یہ دن پُرجوش طریقے سے منانا چاہیئے، پریس کانفرنس کے موقع پر علاقے کی معروف سیاسی شخصیت سابق ممبر ضلع کونسل ملتان ملک لعل محمد جوئیہ، سابق یونین کونسل ناظم بہلی شریف ملک محمد اقبال جوئیہ، صدر انجمن پٹواریان تحصیل جلال پور ملک مختیار حسین، صدر پی ٹی آئی تحصیل جلال پور ملک اللہ رکھا، ملک یوسف لانگ، حسن خان شادی زئی، عمران عادل اور دیگر بھی موجود تھے، قبل ازیں ظہرانے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر بلوچستان اسمبلی نے کہا کہ میرے میزبان میرے علاقے و برادری سے تعلق رکھنے کے ساتھ ساتھ آپ لوگوں کے بھی بھائی ہیں، ہم سب کو ایک دوسرے کا معاون بننا چاہیئے، ظہرانے کے اختتام پر میزبانوں کی جانب سے سردار بابر خان کی دستاربندی بھی کی گئ