کوئٹہ، 26مارچ (اے پی پی): وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت پی ایس ڈی پی 22-2021 کے لیے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں، کانسپٹ پیپرز سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز شریک ہوئے، اجلاس کو محکمہ سوشل ویلفیئر، لیبر، وومن ڈیویلپمنٹ اور اقلیتی امور کے مجوزہ نئے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نئے مالی سال کے لیے کل 23 کانسپٹ پیپرز موصول ہوئے جن میں سے 12 کانسپٹ پیپرز سلیکٹ کئے گئے ہیں آئندہ مالی سال کے دوران 10 ہزار چنگ چی رکشہ کی فراہمی کا منصوبہ بنایا گیا ہے، نئے سال کے لیے معذور افراد کے لیے خصوصی وین خریداری کا منصوبہ بنایا گیا ہےآئندہ مالی سال کے لیے 23 ترقیاتی منصوبوں کے کانسپٹ پیپرز کلیئر کیے گئے ہیں جبکہ خواتین کو بااختیار بنانے کے متعدد منصوبے نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیے جارہے ہیں۔ نئے پی ایس ڈی پی میں تمام جیلوں میں وومن سہولت وارڈز، لرننگ سینٹر اور وومن بیرکس کے منصوبے شامل کے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے لیے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے انٹرن شپ پروگرام متعارف کرایا جائے اور ہنگلاج ماتا مندر اور کالی ماتا مندر قلات میں کرتار پور ماڈل کی طرز پر سہولت کا منصوبہ بنایا جائے۔