وزیراعلی جام کمال خان کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس، جاری اور نئی اسکیمات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

106

کوئٹہ،17مارچ (اے پی پی):وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس میں محکمہ زراعت، بورڈ آف ریونیو، ایکسائزاینڈٹیکسیشن اور کلچر ڈیپارٹمنٹ کی جاری اور نئی اسکیمات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات نے زراعت، ریونیو ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور کلچر کے شعبوں کے جاری ترقیاتی منصوبوں، نئی اسکیمات اور کانسیپٹ پیپرز برائے مالی سال 22-2021 کے حوالے سے بریف کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ زراعت کے 26، توانائی کے 7، ایکسائز کے 4 جبکہ محکمہ ثقافت کے 17 کانسیپٹ پیپرز منظور کیے گئے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ مارکیٹ انفرسٹرکچر، زیتون کی کاشت اور کھجور اور سیب کی پراسیسنگ اور گریڈنگ پلانٹ لگانے کے منصوبے بھی مرتب کئے جارہے ہیں، نئے بجٹ میں پیداواری شعبوں پر زیادہ توجہ  دی   جا رہی ۔ سیاحت، معدنیات، لائیو اسٹاک اور فشریز کے شعبوں کی ترقی کے منصوبے مرتب کئے جارہے ہیں۔

 وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ بجٹ میں ہر ضلع کی پروفائلنگ اور سو شیو اکنامک ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبے مرتب کیے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پیداواری شعبوں کی ترقی کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت ترقیاتی پروگرام تشکیل دیے جائیں۔

وزیر اعلی نے کہا کہ آج کے دور میں ڈیٹا کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں ڈیٹا اکٹھا کرکے ایک مربوط میکنزم کے تحت مفاد عامہ کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا جائے  تاکہ نہ صرف عوام ان منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہو بلکہ صوبے کو بھی حقیقی ترقی کی جانب گامزن کیا جا سکے۔

 وزیراعلی نے ہدایت کی کہ صوبے میں سیاحت کی ترقی اور فروغ کے لیے موجودہ سیاحتی سائٹس کو مزید مستحکم کرنے کے لیے بھی منصوبے تیار کئے جائیں۔