وزیر خارجہ  شاہ محمود قریشی کی  آزربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف سے ملاقات

104

دشنبے،30مارچ(اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نویں ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسس کانفرنس کے موقع پر آزربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف سے ملاقات کی، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات مختلف شعبہ جات میں تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے آزربائیجان کے وزیر خارجہ کو نوروز کی مبارکباد دی۔ وزیر خارجہ نے رواں سال جنوری میں آزربائیجان کے وزیر خارجہ کے دورہ ء پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کے فروغ کیلئے طے کردہ اہداف کے حصول کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

 شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور آزربائیجان کے مابین ڈائریکٹ فلائٹس کا آغاز، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون اور سیاحت کے فروغ میں معاون ثابت ہو گا۔

دونوں وزرائے خارجہ کے مابین آزربائیجان کے سرحدی علاقوں کے واگزار ہونے کے بعد، علاقائی صورتحال، افغان امن عمل ،مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا جبکہ دونوں وزرائے خارجہ نے دو-طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے باہمی مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔