پاکستان اور کویت کا دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے،تجارت بڑھانے اور طویل عرصہ سے حل طلب ویزا مسائل حل کرنے پر اتفاق

122

اسلام آباد،18مارچ  (اے پی پی):پاکستان اور کویت نے دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے،تجارت بڑھانے اور طویل عرصہ سے حل طلب ویزا مسائل حل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جمعرات کو کویتی اپنے کویتی ہم منصب شیخ ڈاکٹر احمد نصر ال محمد الصباح کے ہمراہ وزارت خارجہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری کویتی وزیر خارجہ کے ساتھ بہت اچھی ملاقات رہی، ہم امہ کے مابین اتحاد کی کاوشوں میں کویت کے ساتھ ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  ملاقات  کے دوران ہماری گوادر اور مبارک الکبیر پورٹ کویت کے مابین روابط کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔انہوں نے کہا کہ کویت نے پاکستان سے طبی خدمات لینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ دونوں ملکوں نے تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر بھی بات کی ہے، ہماری دو طرفہ تجارت کا حجم ایک ارب ڈالر سے زائد ہے تاہم اس میں مزید اضافے کی ضرورت ہے۔

کویتی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے مابین سفارتی تعلقات کو 58 برس گزر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نجی شعبہ کو کویت میں سرمایہ کاری پر خوش آمدید کہیں گے ،سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کی پالیسیاں انتہائی حوصلہ افزا ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے مابین برادرانہ تعلقات ہیں  اور میں کویتی قیادت کی خصوصی ہدایت پر پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کے ساتھ پاکستان آیا ہوں،مشرق وسطی کی صورتحال پر امیر کویت کا پیغام پاکستانی قیادت تک پہنچایا۔

 کویتی وزیر خارجہ  نے کہا کہ کویت کیخلاف جارحیت کے دوران پاکستان کویت کے شامہ بشانہ کھڑا رہا،ہم خطے میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی ہے کہ کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کویت کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔کورونا وبا کے دوران پاکستان کی جانب سے طبی معاونت کی فراہمی اور جی سی سی ممالک کے مابین تنازعات میں پاکستان کے موقف پر  بھی پاکستانی قیادت کے شکر گزار ہیں۔

 کویتی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے مابین دو طرفہ تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں،ہم نے تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، طب سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔ انہوں  نے کہا کہ ویزہ کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے کویتی قیادت پوری طرح متحرک ہے انشاءاللہ اسے جلد حل کر لیا جائے گا ، ہم پاکستانی پرائیویٹ سیکٹر اور سرمایہ کاروں کو کویت میں سرمایہ کاری کیلئے خوش آمدید کہیں گے۔

کشمیر سے متعلق  کویتی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارا مسئلہ کشمیر کے حوالے سے موقف انتہائی واضح ہے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں کی روشنی میں حل کرنے کے حامی ہیں۔ انہوں نے  مزید کہا کہ توانائی کے شعبے میں ہمارا دو طرفہ تعاون جاری ہے لیکن ہم اسے مزید مستحکم بنانے کے متمنی ہیں۔

یمن تنازعہ پر بات کرتے ہوئے انہوں  نے کہا کہ ہم نے حوثی باغیوں سے کہا ہے کہ وہ حملوں کو روک کر سیاسی مذاکرات کا راستہ اختیار کریں کیونکہ کہ اس کے علاوہ مسلے کا کوئی  دوسرا حل نہیں۔

اے پی پی /ڈیسک/قرۃالعین