صدر مملکت  کا وزارت بحری امور پر ملکی ماہی گیری کے وسائل  کو بچانے کے لئے اقدامات کرنے پر زور

101

اسلام آباد،18مارچ  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف  علوی  نے وزارت بحری امور پر ملکی ماہی گیری کے وسائل  کو بچانے کے لئے اقدامات کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کثرت ماہی گیری سے اس شعبہ کو شدید خطرات لاحق ہیں، پائیدار ماہی گیری کے فروغ کے لئے غیر قانونی اور بلا ضابطہ ماہی گیری کی حوصلہ شکنی کی جائے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایک بریفنگ کے دوران کیا ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ ماہی گیری کے شعبے کی ترقی کا مقصد زرمبادلہ اور لوگوں کو روزگار کے مواقع دینا ہے۔

 وفاقی وزیر برائے بحری امور سید علی حیدر زیدی  نے گہرے پانیوں میں ماہی گیری کی  مجوزہ پالیسی پر بریفنگ  دی۔وزارت بحری امور کی جانب سے بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ غیر ملکی جہازوں پر 2018 سے مچھلی پکڑنے پر پابندی عائد ہے اور مجوزہ پالیسی بھی پابندی برقرار رکھے گی۔

اس موقع پر بحری امور کے وفاقی  وزیر سید علی حیدر زیدی  سمیت سیکرٹری وزارت بحری امور رضوان احمد اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔