سکھر،27مارچ(اے پی پی): پاکستان تحریک انصاف کے نو منتخب سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا اولین مقصد آئینی اداروں کی خود مختاری یقینی بنانا ہے کیونکہ آئینی اداروں کی مضبوطی ہی جمہوری عمل کی پائیداری کی بنیاد ہے، ماضی کے دیئے جانے والے بحران و مشکلات اتنی جلدی حل نہیں ہو سکتے، کچھ وقت لگےگا لیکن سب کچھ بہتر ہو جائیگا،انہوں نے کہا کہ میرا کسی سے ذاتی عناد نہیں، پی ٹی آئی کے ناراض کارکنان ہوں یا عہدیداران سب سے کہتا ہوں آئیں مل کر کپتان کا مشن کرپشن سے پاک نیا پاکستان پورا کریں ، کارکنان پارٹی کا قیمتی سرمایہ ہیں اور انکو پیش آنی والی مشکلات ہماری ہیں بہت جلد قائد عمران خان کی قیادت میں یہ ملک ترقی و کامیابی کی جانب گامزن ہوگا ، مخالفین چاہے جتنا زور لگا کر لیں حق اور سچ کی ہمیشہ فتح ہوگی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر دور ے کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے سنیئر رہنما گوہر خان کھوسہ کی جانب سے سکھر انصاف ہاو س میں دیئے گئے استقبالیہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔
سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہاکہ میرے قائد وزیراعظم عمران خان کا فوکس تھا کہ اندرون سے نمائندگی ہو تاکہ مسائل حل ہوں، ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ پی ٹی ایم کا اتحاد ذاتی مفاد ہے زیادہ دیر نہیں چلے گا پی ٹی ایم کا سونامی پی ٹی آئی کے سامنے زیادہ دیر تک ٹک نہیں سکا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا کام ہے چور و لیٹروں کو جیلوں میں بند کرانا وہ ہم کر رہے ہیں ، جس نے ملک کو تباہ و برباد کیا وہ سب عوام کے سامنے آرہے ہیں انشاءاللہ احتساب سب کا ہوگا ، سندھ کی تعمیر و ترقی سمیت سندھ کی مظلوم عوام کو انکے حقوق فراہمی کیلے وزیر اعظم عمران خان سنجیدہ ہیں اور انشاءاللہ جلد سندھ کیلئے مزید نئے منصوبوں کا اعلان کرینگے۔
تقریب میں میزبانوں کی جانب سے مہمان گرامی کو سندھ کا روایتی تحفہ اجرک و ٹوپی پیش کی گئی اور کارکنان کی جانب سے انہیں مشن کرپشن سے پاک نیا پاکستان تکمیل تک پہنچانے کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا بھی یقین دلایا گیا