پشاور یونیورسٹی صوبہ کی ایک قدیم تاریخی اعلی تعلیمی درسگاہ ہے جو کہ صوبہ میں موجود دیگر اعلی تعلیمی جامعات کیلئے رول ماڈل ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان

99

پشاور،8مارچ(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے پشاور یونیورسٹی کا طلباء وطالبات کیلئے سادہ اور پروقار ڈریس کوڈ متعارف کرانے کے اقدام کوخوش آئند قراردیتے ہوئے یونیورسٹی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی ہے اور کہاہے کہ پشاور یونیورسٹی صوبہ کی ایک قدیم تاریخی اعلی تعلیمی درسگاہ ہے جو کہ صوبہ میں موجود دیگر اعلی تعلیمی جامعات کیلئے رول ماڈل ہے۔ یہاں پر معیاری تعلیم کی فراہمی سمیت دیگرمثالی ودرست فیصلے دوسری یونیورسٹیوں کیلئے قابل تقلید ثابت ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکے روز گورنرہاؤس پشاور میں یونیورسٹی کے سینٹ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹرمحمد ادریس نے سینٹ اجلاس کو جامعہ کے سالانہ بجٹ 2019-20،2020-21 اصلاحاتی ایجنڈا کے تحت اٹھائے جانے والے اقدامات، پے اینڈ الاؤنسز،پنشن کے معاملات،کیمپس منیجمنٹ سسٹم اورمجوزہ مستقبل کے منصوبوں سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے وائس چانسلر کویونیورسٹی کے مالی معاملات بالخصوص بجٹ تیاری و اخراجات میں ترجیحات کو سامنے رکھتے ہوئے بہترین موثرانتظامی فیصلے کرنیکی ہدایت کی۔انہوں نے کہاکہ وہ پشاور یونیورسٹی سمیت دیگرجامعات کے مالی مسائل پرنظررکھتے ہوئے ہیں۔ بدقسمتی سے حقیقی ذمہ داریوں کا تعین کئے بغیر ذاتی مفادات کے فیصلوں سے نوجوان نسل کامستقبل خطرے میں پڑ گیا ہے جو کہ ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت بھی ایک لازمی جزو ہے کیونکہ طلباء وطالبات کیلئے اساتذہ کا رول ماڈل ہوتے ہیں۔ اجلاس میں وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے اعلی تعلیم واطلاعات کامران بنگش، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر محمدادریس خان، سیکرٹری محکمہ ہائرایجوکیشن محمدداؤدخان، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ خزانہ سفیراحمدکے علاوہ سمیت کے دیگرارکان موجودتھے۔