پی ٹی آئی کی حکومت  عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے: صوبائی پارلیمانی سیکرٹری انفارمیشن اینڈ کلچر محمد ندیم قریشی

101

ملتان، یکم مارچ ( اےپی پی): صوبائی پارلیمانی سیکرٹری انفارمیشن اینڈ کلچر اور ترجمان وزیر اعلی پنجاب محمد ندیم قریشی نے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت  عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے ملتان شہر میں فراہمی و نکاسی آب کے درینہ مسائل کو شہریوں کی دہلیز پر حل کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں واسا ملتان شہر میں  فراہمی و نکاسی آب کے منصوبوں کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچا کر عوام کو بنیادی سہولیات کے منصوبوں سے بروقت مستفید  کرے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت  نے ملتان شہر میں سیوریج مسائل کے حل کے لئے اربوں روپے کے فنڈز  دے دیے ہیں اور شہر کے مختلف علاقوں میں بوسیدہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی  کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز انصاری کالونی اور انصار چوک کے دورہ کے موقع پر اہل علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ منیجنگ ڈائریکٹر واساناصر اقبال، ڈائریکٹر ورکس شہزاد منیر سمیت دیگر بھی موقع پر موجود تھے ۔منیجنگ ڈائریکٹر واساناصراقبال نے اس دوران بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انصار چوک پر  48 انچ سائز کی 850  فٹ بوسیدہ سیوریج لائن کی تبدیلی کا منصوبہ آخری مرحلے میں ہے  اب صرف ایک مین ہول کی تعمیر اور 12 پائپ لگنے کا کام باقی ہے جس کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے انصاری کالونی  میں فریدیہ مسجد کے بالمقابل گلی میں 18 انچ سائز کی نئی سیوریج لائن کے ادھورے کام کو بھی جلداز جلد شروع کروانے کی یقین دہانی کروائی جبکہ ممتاز آباد سیوریج سب ڈویژن کو ہنگامی بنیادوں پر راستہ ہموار کرنے کا حکم دیا انہوں نے اس دوران پارلیمانی سیکرٹری کو مزید بتایا کہ سیوریج لائنوں کی صفائی کے لیے خصوصی پلان  پر عملدرآمد جاری ہے اور اس پلان کے تحت 120 عارضی سیور مینوں کی بھرتی  کر کے شہر بھر کی 9 سیوریج سب ڈویژنوں  میں سیوریج لائنوں کی خصوصی صفائی مہم شروع کر دی گئی  ہے اور میں اس مہم کی خود مانیٹرنگ کر رہا ہوں۔