پی ڈی ایم نے مارچ ملتوی کر کے بہت اچھا فیصلہ کیا ہے،وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید  احمدکی پریس کانفرنس

64

 

اسلام آباد،17مارچ  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمدنے کہا کہ  پاکستانیوں کے لئے کویتی ویزے جلد کھلنے جارہے ہیں،   نواز شریف کا پاسپورٹ شارٹ نوٹس پر تیار کرنے کو تیار ہیں، نواز شریف اس پاسپورٹ پر صرف پاکستان آسکیں گے،پی ڈی ایم نے مارچ ملتوی کر کے بہت اچھا فیصلہ کیا ہے۔ بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ میں  قطر گیا تھا جہاں پر ان سے اچھی بات چیت ہوئی ہے، پاکستانی قوم کے لئے خوشخبری ہے کہ پاکستانیوں کے لئے 2011 سے کویت کے ویزے بند تھے اب کویت کا وزیر داخلہ آگیا ہے، کویت کے ویزے جلد کھل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ  وزارت داخلہ میں 18،18 سال سے بیٹھے افسروں کو تبدیل کریں گے۔شیخ رشید  احمدنے  کہا کہ پی ڈی ایم نے مارچ ملتوی کر کے بہت اچھا فیصلہ کیا ہے، سیاست میں سکون آیا ہے اور اب روزے ٹھنڈے گزریں گے، پی ڈی ایم سے کہوں گا کہ اسمبلی میں آئیں اور مذاکرات کریں، پی ڈی ایم عمران خان کو شکست نہیں دے سکتی، عمران خان سیاسی طور پر ہیوی ویٹ لیڈر ہیں جو ان سے نہیں گریں گے۔ انہوں نے ملک کا کوئی کونہ نہیں چھوڑا جہاں انہوں نے 6 ماہ میں جلسہ نہ کیا ہو ۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ (ن)لیگ میں دو سیاسی سوچ کے گروپ ہیں اور وہ ان کے خاندان کے اندر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی نے سیاسی فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا  کہ پاکستان اور قطر کے درمیان اچھے تعلقات ہیں، قطر سے ایل این جی کی ڈیل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوزیشن 6 ماہ سے ٹی وی ٹی وی کھیل رہی ہے،ملک میں دو ڈیم بننے جارہے ہیں، بجلی سستی ہوگی، روزگار ملے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیرِاعظم عمران خان نے تمام وزرا کو متحرک ہو کر کام کی ہدایت کردی ہے، نواز شریف کا پاسپورٹ شارٹ نوٹس پر تیار کرنے کو تیار ہیں، نواز شریف اس پاسپورٹ پر صرف پاکستان آسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نہ دوسرو ںکی وزارت میں مداخلت کرتا ہوں اور نہ  کرنے دیتا ہوں،وزیراعظم کا پیغام لے کر قطر گیا تھا۔