کراچی،03 مارچ(اےپی پی ):صوبائی وزرات ثقافت و آرکائیوز اینڈ ٹور ازم کے زیر اہتمام آرٹس کونسل آف کراچی میں معروف مذاحمتی شاعر شیخ ایاز کا اٹھانوواں جنم دن منایا گیا ۔
تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر ثقافت سید سردار شاہ تھے، استقبالیہ خطاب میں سیکریٹری کلچر غلام اکبر لغاری نے کہا کہ ہم شیخ ایاز کی ادبی خدمات کو سلام پیش کرنے کے لیے آج جمع ہوئے ہیں یہ خوش آئند ہے کہ عوام کی ایک بڑی تعداد اس تقریب میں شریک ہے۔
معروف ادبی شخصیت جامی چانڈیو نے کہا کہ شیخ ایاز ایک بہترین شاعر اور مترجم تھے اپنی انقلابی سوچ کے باعث وہ جیل بھی کاٹ چکے تھے وہ فطری کیفیات کو لفظوں میں بیان کرنے پر قادر تھے۔
معروف نقاد و شاعر حارث خلیق نے کہا کہ شیخ ایاز نے روایتی شاعری افکار تصورات کے خلاف آواز اٹھائی وہ عورت کے استحصال پر قلم اٹھایا کرتے تھے وہ کسی بھی طرح کا سیاسی و مذہبی نظریہ مسلط کرنے خلاف تھے۔
مہمان خصوصی صوبائی وزیر ثقافت سید سردار شاہ نے کہا کہ ہم ہر سال شیخ ایاز کی سالگرہ ترجیحاً مناتے ہیں کیوں کہ ان کا جنم لینا ہمارے لیے خوشی کا باعث ہے وہ سندھی کے ساتھ ساتھ اردو کے بھی شاعر تھے بلکہ انہوں نے آغاز ہی اردو سے کیا تھا بعد میں ان کو خیال آیا کہ مادری زبان کے ذریعے وہ اپنے نظریات و افکار کو زیادہ بہتر و موثر انداز میں عوام تک پہنچا سکتے ہیں۔











