لاہور، مارچ 29(اے پی پی): پنجاب حکومت نے کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹ، میٹرو اور اورنج لائن ٹرین بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ پابندی کا اطلاق یکم اپریل سے ہوگا۔
وزیراعلی عثمان بزدار کی زیر صدارت انسداد کورونا کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں پنجاب میں سخت مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یکم اپریل سے شادی تقریبات پر مکمل پابندی ہوگی، مارکیٹیں شام 6 بجے بند ہونگی، پارکس اور ریسٹورنٹس بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، صرف ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔ پابندیوں کا اطلاق بارہ فیصد سے زائد کورونا مثبت کیسز والے شہروں پر ہوگا۔
کابینہ کمیٹی نے این سی او سی کے فیصلوں پر سختی سے عملدرآمد کے لائحہ عمل کی بھی منظوری دی۔ مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی اختیار کی جائے گی، ماسک پر سختی سے پابندی ہوگی۔